عازم جان
بانڈی پورہ//بانڈی پورہ بازارمیں تین بیت الخلا ء انتہائی خراب حالت میں ہونے کی وجہ سے لوگوں اور دکانداروں کو شدید پریشانی کاسامنا ہے۔ میونسپل کونسل نے جب سے تین بیت الخلاء تعمیر کئے، تب سے وہ بیکار پڑے ہیں۔ مین بازار جی ایم بیکری کے پاس ایک خستہ حال بیت الخلا بیکار پڑا ہوا ہے، جبکہ گردوارہ مارکیٹ کے متصل آٹو اڈے میں دوسرا تباہ حال بیت الخلا ء ہے۔ تیسرا گلشن چوک سے اوپر زیر تعمیر پارکنگ ڈھانچے کے متصل میونسپل کونسل بانڈی پورہ کی نظروں سے اوجھل ہے۔ تینوں بیت الخلا ئوںکو چار سال قبل لاکھوں روپے خرچ کرکے میونسپل کونسل نے تعمیر کیااور صرف تین مہینے استعمال ہونے کے بعد ناکارہ ہوکر مقفل پڑے ہوئے ہیں۔ علاوہ ازیں بانڈی پورہ بازار کے دکاندار ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ٹوٹی ہوئی نالیوں کی وجہ سے ، گندا پانی اکثر بازار کی سڑک پربہہ نکلتا ہے ، جس سے ناقابل برداشت بدبو آتی ہے۔ اس سے روز مرہ کی کاروباری سرگرمیوں پر اثر پڑتا ہے۔ دکانداروں نے بتایا کہ مستقل بدبو دار پانی کے نکاس کی وجہ سے بازار میں چلنا دوبھر بن گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میونسپل کونسل کے ساتھ متعدد بار اس مسئلے کو لیکر رجوع کیا، لیکن کوئی موثر کارروائی نہیں کی گئی ہے۔ مقامی دکاندار ضلع انتظامیہ سے گزارش کرتے ہیں بازار کی ٹوٹی نالیوں کی فوری مرمت کروائے اور بدبو دار پانی سے نجات دلائیں ۔چیف پلانگ آفیسر بانڈی پورہ مقبول لون نے اس بارے میںکشمیر اعظمی کو بتایاکہ ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ کی ہدایت پر سروے کے بعد رقومات واگزار کئے گئے ہیں اور بہت جلد میونسپل کونسل تینوں بیت الخلا ئوںکی از سر نو تعمیر وتجدید کرے گی۔