عازم جان
بانڈی پورہ// سمبل شادی پورہ علاقے میں ایک تیز رفتار ٹرک کی زد میں آکر اسکوٹی سوار لقمہ اجل بن گیا۔ تیز رفتار ٹرک نے سکوٹی کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں سکوٹی سوار شدید زخمی ہوا۔اگرچہ خون میں لت پت زخمی کو علاج کے لیے سمبل لایا گیا لیکن ہسپتال پہنچتے ہی ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔متوفی کی شناخت توصیف احمد گورو (عمر21 )ولد عبدالخالق گورو کے طور پر ہوئی ہے جو ننی ناری سمبل کا رہنے والا ہے۔پولیس سے معلوم ہوا ہے کہ ٹرک کو قبضے میں لے لیا گیا ہے، جبکہ اس کا ڈرائیور فرار ہے۔
ادھرسانبہ میں سڑک کے ایک دلدوز حادثے میں تین کم سن بچوں سمیت 4افرادہلاک ہوئے جبکہ سڑک کے حادثے میں دیگر 15افراد زخمی ہوئے ۔ سانبہ بس سٹینڈ کے قریب ہفتہ کے روز ایک آٹو اور ایک ٹرک کے درمیان زور دار ٹکر ہوئی جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے جن میں سے چار افراد لقمہ اجل بن گئے ۔ حادثے کے فورا بعد مقامی لوگوںاور پولیس نے سبھی زخمیوں کو نزدیکی ہسپتال پہنچایا ۔ حادثے میں3 کم سن بچوں سمیت چار فراد ہلاک ہوئے جن کی شناخت 40سالہ سمن کمار ، 6سالہ مسکان ، 8برس کا لڑکا راہل اور 6برس کا ایک اور بچہ جس کی شناخت کرش کے بطور ہوئی ہے، تمام مہلوکین سانبہ کے رہنے والے بتائے جاتے ہیں ۔