بانڈی پورہ//شمالی کشمیرمیں ایک دلدوزسڑک حادثے میں ایک ہی کنبے کے چارافرادسمیت 5مسافرلقمہ اجل بن گئے جن میں میاں بیوی اوراُنکے دوکمسن بچے اورگاڑی کاڈرائیوربھی شامل ہے جبکہ حادثے میں3افرادشدیدزخمی ہوگئے جن کی حالت نازک ہے۔پولیس نے بتایا کہ اتوارکی صبح ایک ٹاٹا سوموگاڑی زیرنمبرJK01F-9574شمالی قصبہ بانڈی پورہ سے 7مسافروں کولیکرسرحدی علاقہ تلیل گریزکی جانب روانہ ہوئی۔ جب یہ بانڈی پورہ ،گریزشاہراہ پر رازدان ٹاپ کے نزدیک پیر بابا تراگہ بل کے مقام پرپہنچی توڈرائیورگاڑی پر کنٹرول کھوبیٹھا،جسکے نتیجے میںگاڑی اڈھائی سوفٹ گہری کھائی میں جاگری۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی ایک ٹیم اورکچھ مقامی نوجوان یہاں پہنچ گئے اورانہوں نے بچائوکارروائی شروع کردی ۔پولیس نے بتایاکہ حادثے میں شدیدطورپرزخمی ہوئے 8افرادخون میں لت پت گہری کھائی سے اوپرسڑک پرپہنچائے گئے تاہم تب تک ایک خاتون اور2بچوں سمیت4افراددم توڑچکے تھے ۔ 4زخمیوں کونازک حالت میں بانڈی پورہ پہنچانے کی کوشش کے دوران ایک اورزخمی راستے میں ہی دم توڑبیٹھا۔پولیس نے بتایاکہ اس المناک سڑک حادثے میں اپنی اہلیہ اور2بچوں سمیت لقمہ اجل بنااسکول ٹیچر اصل میں تلیل گریزکارہنے والاتھا،اورغالباًپہلے اعلان کردہ گرمائی تعطیلات کے پیش نظروہ اپنی بیوی بچوں کولیکرآبائی گائوں جارہاتھالیکن مسافرگاڑی کو حادثہ پیش آیا ۔پولیس کاکہناتھاکہ اس حادثے میں 45سالہ اسکول ٹیچرسجاداحمدلون ولدعبدالاسلام ساکن بڈئوگام تلیل گریزحال کنگن گاندربل ،اُنکی اہلیہ روبینہ بیگم،2کمسن بیٹامعین سجاداور بیٹی ا ر جمند سجا د کے علاوہ گاڑی کاڈرائیورمحمداقبال شیخ ولدگلاب شیخ ساکن سردآب گریز بھی شامل ہیں ۔اس حادثے میںمحمدخلیل ولدعبدالرحمان ساکن سردب گریزسمیت3افرادشدیدزخمی ہوگئے جوضلع اسپتال بانڈی پورہ میں زیرعلاج تھے۔بانڈی پورہ پولیس نے ضروری لوازمات مکمل کرنے کے بعدسبھی مہلوکین کی نعشیں لواحقین کے سپردکردیں جبکہ اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات بھی شروع کی گئی ۔