پلوامہ//ضلع پلوامہ کے بانڈرپورہ قوئل گائوں میں مختصرمعرکہ آرائی کے دوران لشکرطیبہ کامقامی ضلع کمانڈرایوب للہاری جاں بحق ہوگیا۔ مقامی لوگوں نے بتایاکہ یہ اچانک جھڑپ اسوقت شروع ہوئی جب ایوب للہاری ایک تویرا زیر نمبر JK013/5626 میں سوار ہوکر اسپتال علاج و معالجہ کرنے کیلئے جارہا تھا۔ایوب للہاری کچھ روز قبل سانبورہ پانپور میں جھڑپ کے دوران زخمی ہوکر فرار ہوا تھا، جس جھڑپ میں اسکا ساتھی بھی فرار ہونے میں کامیاب ہوا تھا البتہ ایک پاکستانی جنگجو جاں بحق ہوا تھا۔ایوب للہاری لشکر طیبہ کا ضلع کمانڈر تھا۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ایوب للہاری مذکورہ تویرا گاڑی میں بانڈر پورہ اور چند گام کے درمیان راستے سے قوئل براستہ اونتی پورہ ائر پورٹ جارہا تھا جس کے دوران فوسز نے گھات لگایا تھا جنہیں شاید اس بارے میں پہلے ہی اطلاع موصول ہوئی تھی۔جونہی تویرا گاڑی فورسز کے نزدیک پہنچ گئی تو تو فورسز نے اسے رکنے کا اشارہ کیا جو نہیں رکی ۔ اسکے بعد گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی جس کے دوران مذکورہ جنگجو کھیت سے فرار ہونے کی کوشش کرنے لگا لیکن فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا۔مقامی لوگوں کے مطابق طرفین کے درمیان گولی باری کاسلسلہ کچھ وقت تک جاری رہا۔ایس ایس پی پلوامہ چودھری محمداسلم نے بتایاکہ بانڈرپورہ کوئل کے نزدیک ایک مختصرجھڑپ کے دوران ایک جنگجوماراگیا۔انہوں نے کہاکہ مذکورہ جنگجو کیساتھ اسکا ایک اعانت کار بھی تھا جو فرار ہوا ۔انہوں نے کہا کہ گاڑی کو پولیس نے اپنی تحویل میں لیکر اسکے ڈرائیور طاہر احمد گنائی ساکن قوئل کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ڈائریکٹرجنرل پولیس ڈاکٹرایس پی ویدنے سماجی ویب سائٹ پرایک ٹویٹ کیا۔انہوں نے کہاکہ جھڑپ کے دوران جوجنگجوماراگیا،وہ لشکرطیبہ کاضلع کمانڈرمحمدایوب لون عرف ایوب للہاری ساکنہ للہارپلوامہ تھا۔ڈی جی پی نے لشکرکمانڈرکی ہلاکت کوسیکورٹی فورسزکی ایک اوربڑی کامیابی قراردیتے ہوئے کہاکہ جنگجوئوں کیخلاف فیصلہ کن کارروائیاں جاری رہیں گی ۔