عظمیٰ نیوز سروس
راجور ی //بانپوری گاؤں میں بدھ دوپہر ایک گھر میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، جس میں لاکھوں روپے مالیت کے گھریلو سامان جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئے۔آگ پر قابو پانے میں مقامی لوگوں نے بھرپور محنت کی اور کسی طرح سے آتشزدگی کو کنٹرول کیا۔اس حوالے سے علاقے کے سماجی کارکن نشیکانت شرما نے بتایا کہ بدھ دوپہر کو بانپوری پٹرول پمپ کے قریب سوربھ کمار کے گھر میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگ گئی۔ آگ دیکھ کر مقامی لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اس آتشزدگی میں قیمتی کپڑے، انورٹر، بیٹری، فرنیچر، ایل ای ڈی اور دیگر ضروری اشیاء جل کر خاکستر ہوگئیں۔ مقامی افراد کے مطابق شارٹ سرکٹ کے باعث گھر میں لگنے والی آگ سے تقریباً 2.5 لاکھ سے 3 لاکھ روپے کا نقصان ہوا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ چونکہ پٹرول پمپ قریب تھا، اگر وقت پر آگ پر قابو نہ پایا جاتا تو ایک بڑا حادثہ پیش آ سکتا تھا۔اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیم موقع پر پہنچی اور مقامی لوگوں کی مدد سے آگ پر قابو پایا۔ متاثرہ خاندان کے افراد نے بتایا کہ وہ اپنے خاندان کے ساتھ اس گھر میں رہائش پذیر تھے اور بدھ کو نیا سال منانے کی خوشی میں تمام اہل خانہ گھر پر موجود تھے۔ اس دوران شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ بھڑک اٹھی اور جلد ہی اس نے خوفناک شکل اختیار کر لی۔ اپنی جان بچانے کے لئے متاثرہ خاندان کے افراد گھر سے باہر نکل آئے اور اہل محلہ سے مدد کی درخواست کی۔پولیس نے اس واقعے کی اطلاع ملنے پر مقدمہ درج کر لیا ہے اور آگ لگنے کی وجوہات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔