پلوامہ//بامنو کیلر پلوامہ میں جنگجوئوں اور فورسز کے مابین جاری تصادم میں دو جنگجو جاں بحق ہوئے جبکہ جھڑپوں میں کم ازکم 30 افراد زخمی ہوگئے ہیں جن میں5 کو گولیاں لگی ہیں ۔ پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ ،فوج کی44آر آر اور سی آر پی ایف سے وابستہ اہلکاروں نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب کے دوران قصبہ سے قریب16کلو میٹر دور بامنو نامی علاقے کو اچانک محاصرے میں لیا۔ محاصرے کے دوران ایک سیب کے باغ کے نزدیک جنگجو نمودار ہوئے جس کے بعد طرفین کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہوا۔ ابتدائی فائرنگ میں ایک جنگجو جاں بحق ہوا۔ اس کے بعد جنگجو ایک مکان میں گھس گئے ۔ فورسز نے آناً فاناً مکان کے چاروں اطراف تار بندی کی اور پورے گاوں کا گھیرا سخت کیا۔ قریباً دو گھنٹے گولیوں کا تبادلہ جاری رہنے کے بعد ایک اور جنگجو جاں بحق ہوا۔پولیس ذرائع نے جاں بحق ہوئے جنگجوئوں کی شناخت کفایت احمد کھانڈے ساکن بامنو اور جہانگیر احمدخان ساکن کیلر کے بطورکی ہے۔پولیس کے مطابق جنگجوئوں کا تعلق حزب المجاہدین کے ساتھ ہے۔ ان دو جنگجوئوں کی ہلاکت کے بعد مارے گئے جنگجوئوں کے ساتھی ایک رہائشی مکان کے مختلف حصوں میں مورچہ زن ہوکر فائرنگ کرتے رہے۔فائرنگ کے تبادلے میں فوج کا ایک اہلکار زخمی ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے مکان میں کم سے کم مزید ایک جنگجو موجود ہے جو ریاسی کا رہنے والا بتایا جاتا ہے۔ادھر تصادم شروع ہوتے ہی ایچھ گوز،بامنو، کیلر، مست پورہ، ژون، ابہامہ، زرکن، زم پتھری،پکھرپورہ،چک کیلر اور اگلر کے علاوہ دیگر ملحقہ علاقوں سے بڑی تعداد میں لوگ یہاں جمع ہوئے اور انہوں نے فورس پر چاروں طرف سے شدید پتھرائو کیا۔تاکہ جنگجوئوں کو فرار ہونے میں مدد کی جا سکے۔ نوجوانوں نے فورسز پر زبردست پتھرائوکیا جس کے جواب میں فورسز نے شلنگ کی ۔ جب مظاہرین منتشر نہیں ہوئے تو پہلے پیلٹ کاا ستعمال کیا گیا اور بعد میںگولیاں بھی چلائی گئیں ۔ جس سے کم از کم 30 افراد زخمی ہو گئے ۔ زخمیوں میں سے5 کو گولیاںلگی جبکہ باقی زخمیوں کو پیلٹ لگے ۔ بی ایم او کیلر سنااللہ نے بتایا کہ اسپتال میں 13زخمیوں کو لایا گیا جن میں سے5 کو گولیاںلگی تھیں۔ ایک کے سینے میں ، دو کے پیٹ میں اور دو کی ٹانگوں میں گولیاں لگی تھیں جبکہ ایک کی آنکھ میں پیلٹ لگے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ان چھ افراد میں سے پانچ کو سرینگر منتقل کیا گیاجبکہ ایک کو پلوامہ لیجایا گیا۔انکا کہنا تھا کہ23سالہ جہانگیر وگے ولد عبدالحمید ساکن ابہامہ، 36سالہ مشتاق احمد کمہار ولد عبدالرحمان کمارپکھرپورہ،18سالہ راجو ولد خورشید کھانڈے ابہامہ ، 23سالہ محمد سلیم پرے ولد محمد یوسف ، 22سالہ طارق میر ولدمحمد مقبول میر کیلر ، 23سالہ الطاف احمد گورسی ولد باجیر گورسی ساکن زم پتھری ، 25سالہ فاروق بیگ ولد عبدالخالق ساکن زرکن ،22سالہ مدثر وانی چک کیلر کو گولیاں اور پیلٹ لگے۔ ادھر پلوامہ میں بھی زبردست جھڑپیں ہوئیں۔ نوجوانوں نے فورسز پر پتھرائو کیا جس کے جواب میں فورسز نے پیلٹ، شلنگ اور پاوا شیل کا استعمال کیا۔ جس سے پورے قصبہ میں افرا تفری پھیل گئی اور مکمل ہڑٹال کے دوران ہر قسم ک آمد و رفت بند ہوگئی۔ادھر جنگجوئوں کی ہلاکت کے پیش نظر نیوہ، بیلو، راجپورہ سمیت کئی جگہوں پر جھڑپیں ہوئیں۔ جو آخری اطلاع ملنے تک جاری تھیں۔