سرینگر//جماعت اسلامی ،تحریک حریت ،نیشنل فرنٹ،مسلم دینی محاز اور سالویشن مومنٹ نے بامنو پلوامہ میں جاں بحق ہوئے تین جنگجوﺅں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ فورسز اہلکار تصادم آرائیوں کی آڑ میں کروڑوں کی جائیداد کو خاکستر کررہی ہے جوقابل مذمت ہے۔جماعت اسلامی نے کہا ہے کہ بامنو کیلر میں معرکہ آرائی کے دوران چار رہائشی مکانات کو گولہ باری سے تہس نہس کرنے کے علاوہ مقامی مسجد کی بے حرمتی کی گئی اور غسل خانوں میں بول و براز پھیرکر ان کو عملاً پاخانوں میں تبدیل کیا تھا جس کی وجہ سے یہ مقدس عبادت خانہ بدبو سے بھرگیا تھا ۔جماعت کے مطابق آپریشن ختم ہونے کے بعد وہاں کے مقامی مسلمانوں کو یہ عبادت خانہ صاف کرنے میں کافی مشقت اُٹھانی پڑی اور فرش سمیت دھونا پڑا۔ مقامی مسلمانوں میں مسجد کے تقدس کو پامال کرنے کی اس مذموم کارروائی کے خلاف زبردست غصہ پایا جاتا ہے۔ بیان کے مطابق ایک ہی خاندان کے چار رہائشی مکانات کو کھنڈرات میں تبدیل کیا گیا اور گن پاوڈر کے استعمال سے مکانات کے دروزاے اور کھڑکیاں سمیت تمام گھریلو جائیداد خاک میں تبدیل ہوگیا ہے۔ ان مکانات میں بسنے والے بیسیوں افراد اپنے پہننے کے کپڑوں کے سوا کوئی اور گھریلو اشیا نہ بچاسکے۔ جماعت کے ایک وفد نے جائے موقعہ پر جاکر متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور اس ظلم و ستم اور مسجد کی حرمت کو پامال کرنے کی بھارتی فورسز کی کارروائیوں کی مذمت کی۔ تحریک حریت نے کفایت احمد، جہانگیر احمد اور اختر عالم کو جاں بحق ہوئے جنگجوﺅںکوخراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی قربانیاں قوم کے لیے ایک عظیم امانت ہے جس کی رکھوالی کرنا پوری قوم پر فرض ہے۔بیان کے مطابق یہ سرفروش اپنا آج ہمارے کل کے لیے اور اسلام کی آبیاری کے لیے قربان کررہے ہیں۔ تحریک حریت نے لاشیں مسخ کرنے کی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بھارتی فورسز کی بزدلی کی علامت ہے۔ درایں اثنا تحریک حریت کے لیڈر محمد یوسف مکرو، سبزار احمد اور مظفر احمد پر مشتمل وفد نے برنٹی اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے حال ہی میں خونین معرکے میں جاں بحق ہونے والے بشیر لشکری، طاہرہ اور دیگر کو خراج عقیدت ادا کیا۔نیشنل فرنٹ نے بامنو پلوامہ میں جاں بحق ہوئے تین جنگجوﺅں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ فورسز تصادم آرائیوں کی آڑ میں کروڑوں کی جائیداد کو خاکستر کررہی ہے جوقابل مذمت ہے۔مسلم دینی محاز کے ایک وفدنے خالد بشیر کی قیادت میںجہانگیراحمد اور کفایت احمد کے گھرجاکر لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔سالویشن مومنٹ نے معرکہ آرائی کے دوران مکانوںکو زمین بوس کرنے کی کاروائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کاروائیاں غیر انسانی اور غیر اخلاقی ہیں اور مکان کو زمین بوس کرکے ان کو سزا دینا سرا سر نانصافی اور انسانی حقوق کی بد ترین پامالی ہے۔