ترال//ترال میںجنگجوئوں کے ہاتھوں مارپیٹ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد دو مقامی جنگجوئوں کے افراد خانہ کو پولیس نے گرفتار کر کے دعوی کیا ہے کہ دونوں کنبوںسے تعلق رکھنے والے جنگجوپولیس بھرتی میں شامل ہوئے نوجوانوں کی مارپیٹ میں ملوث ہیں۔ترال میں پولیس نے صبح دو مقا می سرگرم جنگجوئوں عمر فیاض ولد فیاض احمد لون ساکن سیر جاگیر ترال اور محمد اسحاق بٹ ولد عبد السلام بٹ ساکن بٹہ گنڈ ترال کے کنبوں میں شامل تمام مردوں کو ایس اوجی کیمپ ترال بلا کر وہاں انہیں بند کیا، جنہیں شام تک رہا نہیں کیا گیا تھا ۔ا س حوالے سے جب پولیس سے جنگجوئوں کے افراد خانہ کی گرفتاری کے بارے میںپوچھا گیا تو انہوں نے ان کے حراست کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ چند روز قبل ترال کے ایک دور افتادہ علاقے سے تعلق رکھنے والے دو تعلیم یافتہ نوجوان بیروزگاری اور گھریلو مجبوریوں کی بنا پر پولیس میںایس پی او بھرتی ہوئے تھے لیکن انکی مارپیٹ کی گئی اور انکے سر منڈوائے گئے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس کو بعد میں کئی ٹی وی چینلوں نے بھی دکھایا۔ ابتدائی طور پر تحقیقات اور دیگر ذرائع سے پولیس کو پتہ چلا ہے کہ ان ہی کنبوں سے تعلق رکھنے والے دوجنگجو اس واقعہ میں ملوث ہیں لہٰذا ان کے افراد خانہ کو حراست میں لیا گیا ہے ۔واضح رہے ترال میں لمبے وقفے کے بعد اس طرح کی گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں ۔