سرینگر //صحت و طبی تعلیم کے وزیر بالی بھگت نے پرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر پر زور دیا ہے کہ وہ جی ایم سی اور اس سے منسلک ہسپتالوں میں طبی سہولیات میں بہتر ی لانے کیلئے ہرممکن اقدامات کریں تاکہ مریضوں کے بڑھتے ہوئے رَش پر قابو پایا جاسکے۔ ہسپتال کے کام کاج کا جائزہ لیتے ہوئے وزیرنے پرنسپل کو ہدایت دی کہ وہ مختلف زمروں میںخالی پڑی تمام اسامیوںکی کی نشاند ہی کر کے انہیں پُر کرانے کیلئے لازمی اقدامات کریں۔ بالی بھگت نے ہسپتال کے اندر اور اس کے باہر صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔اس دوران ڈاکٹروں اور نیم طبی عملے نے مسائل وزیر کی نوٹس میںلائے جنہوںنے ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔دورے کے دوران وزیر نے اُس پولیس جوان کی بھی عیادت کی جو چند روز پہلے ملی ٹنسی کے ایک واقعے میں زخمی ہوا تھا۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ انہیں ہر ممکن طبی سہولیات دستیاب رکھے۔