جموں//صحت و طبی تعلیم کے وزیر بالی بھگت نے آج اکھنور کا دورہ کر کے مختلف پروجیکٹوں کا جائزہ لیا۔ وزیر نے سرکاری آیورویدک کالج اکھنور کے دورے کے دوران جاری کام کا جائزہ لیا۔وزیر کو بتایا گیا کہ 25 کروڑ 80 لاکھ روپے کی تخمینہ لاگت والے مذکورہ کالج کا تعمیراتی کام تکمیل کے آخری مرحلے میں ہے اور ابھی تک اِس پر 19 کروڑ روپے خر چ کئے گئے ہیں ۔ وزیر کے ہمراہ محکمہ کے کمشنر سیکرٹری اور دیگر افسران بھی تھے۔ دورے کے دوران وزیر نے جوریان میں زیر تعمیر سب ضلع ہسپتال کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ انہیں بتایا گیا کہ تخمینہ 32 کروڑ روپے میں سے ابھی تک مذکورہ ہسپتال کی تعمیر پر 13کروڑ روپے خرچ کئے گئے ہیں۔ وزیر نے متعلقہ ایجنسی کو کام میں سرعت لانے کی تلقین کرتے ہوئے باقی ماندہ رقومات کو جلد واگذار کرنے کی یقین دہانی دی۔وزیر نے سنگنی میں زیر تعمیر ANMT سکول ، سب ضلع اور ہسپتال کی اکھنور کا بھی دورہ کر کے دستیاب انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کے علاوہ ہسپتال میں بلڈ بینک قائم کرنے کے بھی احکامات دئیے۔