جموں //خصوصی ٹیکے لگانے کی مہم اندر دھنش کو وزیر صحت و طبی تعلیم بالی بھگت اور وزیر مملکت آسیہ نقاش نے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال کوٹ بلوال میں آغاز کیا ۔اس مشن کا آغاز وڈھ نگر گجرات میں وزیر اعظم نریندر مودی نے کیا ۔ محکمہ فیملی ویلفئیر نے صحت و طبی تعلیم محکمے کے اعلیٰ افسروں کی موجودگی میں اس مہم کا باضابطہ آغاز کیا ۔ پرنسپل سیکرٹری ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ، ڈائریکٹر فیملی ویلفئیر ، مشن ڈائریکٹر این آر ایچ ایم ، پرنسپل جی ایم سی جموں اور ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں کی موجودگی میں بچوں کو خصوصی ٹیکے لگائے گئے ۔ دیگر افسران میں چیف میڈیکل افسر جموں ، بلاک میڈیکل افسر بلوال اور متعلقہ ڈاکٹر اور مقامی لوگ شامل تھے ۔ اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے بالی بھگت نے کہا کہ اس مہم کا مقصد ریاست کے کونے کونے میں بچوں کو مختلف امراض سے بچاؤ کے سلسلے میں ٹیکے لگانا ہے جس کیلئے مرکزی وزارت صحت و فیملی ویلفئیر نے ایک باضابطہ ایکشن پلان ترتیب دیا ہے ۔ بالی نے کہا کہ اس مشن کو دیہی علاقوں میں زیادہ توجہ دی جائے گی جہاں لوگوں کو ان ٹیکوں کے بارے میں بہت کم جانکاری حاصل ہوتی ہے ۔ وزیر مملکت آسیہ نقاش نے اس خصوصی پروگرام کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے فیملی ویلفئیر کے منتظمین پر زور دیا کہ وہ تمام بچوں تک اس ٹیکے کی رسائی یقینی بنائیں تا کہ ریاست بھر میں بچوں کو مہلک بیماریوں سے بچایا جا سکے ۔ ڈاکٹر پون کوتوال ، ڈاکٹر سنیل مٹو اور ڈاکٹر سنجے ٹرکی نے بھی اس موقعہ پر خطاب کیا۔