جاوید اقبال
مینڈھر//تحصیل بالاکوٹ کے سرحدی علاقہ سندوٹ کے رہائشی لیاقت علی خان نے تحصیل انتظامیہ بالاکوٹ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے محلہ سٹوکا اسنال وارڈ نمبر 5 میں کئی بااثر افراد نے سرکاری زمین پر غیرقانونی طور پر مکانات تعمیر کر کے نہ صرف عام راستہ بند کر دیا ہے بلکہ ٹریکٹر روڈ کو بھی مسدود کر دیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ جب وہ اہل خانہ کے ہمراہ وہاں سے گزرتے ہیں تو متعلقہ افرادمبینہ طورپر ان پر گالی گلوچ اور پتھراؤ کرتے ہیں، جس سے ان کی جان کو مستقل خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس مسئلے کو لے کر وہ متعدد بار ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ، ایس ڈی ایم مینڈھر اور ایس ڈی پی اومینڈھرسے مل چکے ہیں، تاہم کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔لیاقت علی خان کا مزید کہنا تھا کہ متاثرہ افراد سیاسی اثر و رسوخ رکھتے ہیں اور ان میں سے کچھ پولیس میں بھی ملازم ہیں، جس کی وجہ سے مقامی انتظامیہ کاروائی سے گریزاں ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ راستہ بند ہونے کی وجہ سے نہ تو صاف پانی لا سکتے ہیں اور نہ ہی مال مویشی باہر نکال سکتے ہیں، جس سے زندگی کا نظام مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کئی بار پولیس اور تحصیل انتظامیہ موقع پر پہنچی مگر کارروائی کا محض وعدہ کر کے واپس چلی گئی، جب کہ عملاً کچھ نہیں کیا گیا۔انہوں نے جموں و کشمیر یو ٹی کے لیفٹیننٹ گورنر، متوقع ریاستی وزیر اعلیٰ اور ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سنگین مسئلہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے مؤثر کارروائی کریں تاکہ انہیں اور ان کے خاندان کو انصاف مل سکے اور ان کی روزمرہ زندگی معمول پر آ سکے۔