جاوید اقبال
مینڈھر// سب ڈویژن مینڈھر کے بالاکوٹ کے سنڈوٹ علاقے میں محمد نسیم کا نیا مکان جمعہ اور سنیچر کی درمیانی رات اچانک گر گیا، تاہم خوش قسمتی سے اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ محمد نسیم نے حال ہی میں نیا مکان تعمیر کیا تھا اور اس پر گزشتہ روز مٹی (لآدی) کا کام کیا تھا لیکن رات کے وقت مکان گرنے کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی۔مقامی افراد نے بتایا کہ محمد نسیم ایک غریب شخص ہیں اور ان کے پاس ابھی تک ایک کچا مکان بھی موجود ہے۔ نئے مکان کے گر جانے کے بعد وہ شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں، خصوصاً سردیوں کے موسم میں۔ مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ محمد نسیم کی فوری مدد کی جائے تاکہ وہ دوبارہ اپنا مکان بنا سکے اور اس کے خاندان کو پناہ مل سکے۔علاقہ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ سردیوں کی شدت میں بغیر چھت کے رہنا ناممکن ہو گیا ہے، اور اس غریب خاندان کو فوری امداد کی ضرورت ہے۔ مقامی کمیونٹی نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس خاندان کو فوری طور پر امداد فراہم کرے تاکہ وہ دوبارہ اپنے قدموں پر کھڑا ہو سکے اور دوبارہ مکان تعمیر کر سکے۔یہ واقعہ علاقے میں موجود حکام کے لیے ایک چیلنج بن گیا ہے کہ وہ متاثرہ خاندان کی فوری مدد کریں تاکہ ان کی مشکلات میں کمی آ سکے اور انہیں اس سخت موسم سے بچایا جا سکے۔