جاوید اقبال
مینڈھر//روزنامہ کشمیر عظمیٰ میں شائع ہونے والی خبر کا فوری اثر سامنے آیا ہے، اور تحصیل مینڈھر کے سرحدی علاقہ بالاکوٹ میں دو ماہ سے غیر فعال واحد اے ٹی ایم مشین کو آخرکار بحال کر دیا گیا ہے۔ اس پیش رفت پر مقامی آبادی نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے میڈیا کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے اور اسے ’عوامی آواز کی جیت‘ قرار دیا ہے۔یاد رہے کہ بالاکوٹ اور اس سے ملحقہ علاقوں کی آبادی میں بڑی تعداد سرکاری ملازمین، پنشنرز، مزدوروں اور یومیہ اجرت پر کام کرنے والے افراد پر مشتمل ہے، جو اپنی مالی ضروریات کے لئے مکمل طور پر اسی اے ٹی ایم پر انحصار کرتے ہیں۔ مشین کی خرابی کے باعث انہیں مینڈھر کا سفر کرنا پڑتا تھا جو کہ نہ صرف مہنگا بلکہ وقت طلب بھی تھا۔کشمیر عظمیٰ کی جانب سے مسئلہ اجاگر کئے جانے کے بعد متعلقہ بینک حکام نے فوری نوٹس لیتے ہوئے فنی خرابی کو دور کیا اور مشین کو دوبارہ فعال بنا دیا۔اس پیش رفت پر مقامی پنچایتی اراکین، سماجی کارکنوں اور شہریوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے میڈیا کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی عوامی مسائل کو اسی سنجیدگی سے لیا جائے گا۔عوام نے حکومت اور بینک انتظامیہ سے یہ مطالبہ بھی کیا ہے کہ دور دراز اور سرحدی علاقوں میں اس قسم کی سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے تاکہ لوگوں کو روزمرہ کی ضروریات کے لیے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔