جاوید اقبال
مینڈھر//بلاک بالاکوٹ ضلع پونچھ میں بنکروں کی تقسیم کے معاملے پر شدید تنازع کھڑا ہو گیا ہے، جہاں مقامی لوگوں نے بنکروں کی فہرستوں میں مبینہ دھاندلی اور اقرباپروری کا الزام عائد کرتے ہوئے انتظامیہ اور محکمہ دیہی ترقی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ذرائع کے مطابق، گزشتہ دو دنوں کے دوران ایک سو سے زائد افراد پر مشتمل عوامی وفد نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ، اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ پونچھ اور اسسٹنٹ کمشنر ریونیو سے ملاقات کی اور شکایات درج کروائیں۔ عوام کا کہنا ہے کہ پنچایت سیکریٹریوں نے چند مفاد پرست عناصر کے کہنے پر غیر منصفانہ لسٹیں تیار کیں، جس سے مستحق افراد کو نظرانداز کر دیا گیا۔مقامی لوگوں نے الزام لگایا کہ ایک ایک کلومیٹر کے فاصلے پر محض ایک کمیونٹی بنکر دیا گیا، جو بھی سیاسی اثر و رسوخ رکھنے والوں کے گھروں کے نزدیک تعمیر کئے گئے ہیں۔ بعض افراد کو انفرادی بنکر بھی الاٹ کئے گئے ہیں، جبکہ حقیقی مستحق اور غریب افراد مکمل طور پر محروم رہ گئے ہیں۔عوام کا مزید کہنا ہے کہ لسٹیں تیار کرتے وقت رشوت خوری اور جانبداری سے کام لیا گیا اور محکمہ کے بعض ملازمین نے اپنے رشتہ داروں یا برادری کے افراد کے نام فہرست میں شامل کروائے ہیں۔ یہاں تک کہ کچھ افراد کے نام دو یا تین مختلف مقامات پر شامل ہیں، جبکہ کئی ایسے افراد کو بھی فائدہ دیا گیا جن کے بنکر پہلے سے موجود تھے۔عوامی دبائو اور شکایات کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلع انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ پنچایت سیکریٹری کو معطل (ایٹچ) کر دیا ہے اور معاملے کی مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔لوگوںنے خبردار کیا ہے کہ اگر لسٹوں کی نظرثانی نہ کی گئی اور متاثرین کو انصاف نہ ملا، تو وہ بڑے پیمانے پر احتجاج کریں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔