مینڈھر+بانڈی پورہ//پونچھ کے بالاکوٹ سیکٹرمیں مسلسل دوسرے روز بھی ہندوپاک افواج کے مابین فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہواجس کے نتیجہ میں ایک خاتون زخمی ہوگئی۔ادھر گریز سیکٹر میں بھی دن بھر گولہ باری کا تبادلہ ہوا۔جموں میں مقیم دفاعی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل دیونندر آنند نے بتایا کہ پاکستانی فوج نے بالاکوٹ کے علاقے میں اشتعال انگیزفائرنگ اور گولہ باری کی جس پر بھارتی فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی ۔گزشتہ روز بھی بالاکوٹ میں شدید فائرنگ اور گولہ باری ہوئی تھی جس کی وجہ سے فوج کا ایک اہلکار زخمی ہوا تھاجبکہ کم از کم دس رہائشی ڈھانچوں کو نقصان پہنچا تھا۔جمعہ کی صبح فوج کے بم ڈسپوزل اسکوارڈ نے بالاکوٹ کے دیہات میں پڑے چار 120 ملی میٹر کے مارٹر شیلوں کوناکارہ کردیا۔ پاکستانی فوج نے جمعہ کی شام 4 بج کر 40 منٹ پر بالاکوٹ علاقے میں اشتعال انگیز فائرنگ اور شلنگ کی اوراس دوران کانگا گلی ، ہمیر پور اور بالاکوٹ کے متعدد علاقوںکو نشانہ بنایاگیا۔اس دوران ایک خاتون زخمی ہوگئی جس کی شناخت مہناز اختر زوجہ نثار احمد ساکن سوالہ پنجنی کے طور پر ہوئی ہے۔ادھر بگتور اورکنزلون گریز سیکٹروں میں جمعہ کی صبح قریب 11بجے پاکستان کی طرف سے گولہ باری کی گئی جس کے بعد طرفین کے درمیان دن بھر وقفہ وقفہ سے گولہ باری کا سلسلہ جاری رہا۔شام 5بجے گولہ باری تھم گئی تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا۔