راجوری /مینڈھر+اوڑی//راجوری ،پونچھ اور اوڑی میں حد متارکہ پر ہندوپاک افواج کے درمیان جنگ کا سماں ہے اور تازہ فائرنگ و گولہ باری کے نتیجہ میں ایک فوجی اہلکار سمیت دو افراد لقمہ اجل جبکہ 2 اہلکار اور دو دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں ۔سرکاری طور پر بتایا گیا ہے کہ پیر کی صبح 7بجے سے راجوری کے ترکنڈی اور منجاکوٹ و پونچھ کے بالاکوٹ سیکٹر میں فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ شروع ہوگیاجس دوران دونوں ممالک کی افواج نے ایک دوسرے کی چوکیوں کو نشانہ بنایاجبکہ پاکستانی فوج کی طرف سے داغے گئے مارٹر گولے رہائشی آبادی والے علاقوں میں آن گرے ۔ اس کے نتیجہ میں فوج کا ایک اہلکار ہلاک ہوا جس کی شناخت 37سالہ نائیک مدثر احمد ساکن بوچھو ترال ضلع پلوامہ کے طور پر ہوئی جبکہ اس کا د وسرا ساتھی فردوس احمد ساکن کولگام زخمی ہواہے جس کا علاج آرمی ہسپتال راجوری میں چل رہاہے ۔ یہ دونوں اہلکار ایک مارٹر شیل کی زد میں آگئے ۔اس کے علاوہ بالاکوٹ کے بھروتی علاقے میں آٹھ سالہ بچی سائدہ کوثر دختر محمد کفیل خان بھی ایک مارٹر شیل کی زد میں آکر لقمہ اجل بن گئی ۔پولیس کے مطابق55 سالہ خاتون شاہ بیگم زوجہ محمد شریف ساکن پنج گرائیں راجوری، جو ایک سرکاری سکول میں کھانا پکانے کاکام کرتی ہے ،بھی مارٹر شیل کی زد میں آکر زخمی ہوگئی ۔ ہسپتال حکام کے مطابق خاتون کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔اسی طرح شریف احمد نامی ایک کمسن بچے کو بھی زخم آئے ہیں جس کا علاج چل رہاہے ۔ فائرنگ وگولہ باری سے کئی مویشی ہلاک جبکہ کئی دیگر زخمی ہوئے ۔ بالاکوٹ میں ایک سومو گاڑی کو بھی نقصان پہنچا ۔دونوں ممالک کی افواج کے درمیان صبح سات بجے شروع ہوئی فائرنگ دن کے ایک بجے تک جاری رہی جس کے بعد وقفے وقفے سے فائرنگ اور گولہ باری ہورہی ہے ۔ ضلع انتظامیہ راجوری نے حالات کشیدہ دیکھتے ہوئے 16تعلیمی اداروں کو بند کردیاگیاہے جبکہ پنج گرائیں ، راجدھانی اور نائیکہ میں لگ بھگ پانچ ہزار کی آبادی متاثر ہوئی ہے ۔ پونچھ سے راولاکوٹ براستہ چکاں دا باغ ہر سوموار کو جانے والی بس سروس مسلسل دوسرے ہفتے بھی معطل رہی جس کی وجہ سے کئی مسافردرماندہ ہوکر رہ گئے ہیں ۔سرحدی قصبہ اوڑی کے حدمتارکہ پر واقعہ بانڈی کمل کوٹ میں ہندپاک افوج کے درمیان دن کے دو بجے کے قریب گولہ باری کا سلسلہ شروع ہو ا جو قریب دو گھنٹے تک جاری رہا۔ پاکستانی فوج نے کمل کوٹ میں ہندستانی فوج کی پتھر بوسا۔شنکر پوسٹ اور بازو پوسٹ کو نشانہ بنایا اور پہلے پاکسنانی فوج کی جانب سے ان چوکیوں کی طرف فائرنگ کی گئی جس دوران ہندستانی فوج کا 20 سکھ لائی سے وابستہ فوجی اہلکار زخمی ہوا۔قریب دس گولے بانڈی کمل کوٹ سیکٹر کے جنگلوں میں گرے جس کی وجہ سے کمل کوٹ اور ملحقہ دہیات جن میں بسگراں ،سلطان ڈھکی ،دچھی ،دردکوٹ۔اشم ،گولتہ،گولانن،کالگی،سلام آباد وغیرہ شامل ہیں کے لوگ گھروں میں سہم ہو کر رہ گئے۔اس دوران پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے نکیال سیکٹر میں شہری آبادی پر گولہ باری کی گئی جس کے نتیجے میں 5شہری شدید زخمی ہوئے، جن مین 3خواتین بھی شامل ہیں۔