کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کی دورافتادہ علاقوںمیں جنگلی جانوروں نے خوف و دہشت کا ماحول پیدا کررکھا ہے جسکے سبب ان علاقوں کی عوام خوف زدہ ہے۔جنگلی جانوروں نے فصلوںو میوہ باغات کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا ہے جبکہ عوام کی جانوں کو بھی خطرہ لاحق ہے۔ کشمیر عظمیٰ کو ملی جانکاری کے مطابق علاقہ دچھن کے تھچنا، گمبھ، جنکپور ،سرچھا ، چھاترو کے لوہیدھار، سگدی و دیگرمقامات پر جنگلی جانوروں نے پچھلے کئی روز سے خوف کا ماحول برپاکررکھا ہے جہاں لوگ رات کو گھر سے باہر آنے میں ڈررہے ہیں وہیں اب لوگ دن کے اجالے میں بھی اپنے کھیتوں میں جانے سے ڈررہے ہیں۔
ان جانورں نے فصل و میوہ باغات کو بھی نقصان پہنچایا ہے،ہر طرف خوف کا ماحول ہے اور لوگ بہت ضروری کاموں کیلئے ہی گھروں سے باہر نکل رہے ہیں۔ علاقہ دچھن کے لوگوں نے بتایا کہ اس وقت زمینداری سیزن چل رہا ہے اور لوگوں کو اپنے کھیتوں کی رکھوالی کرنی ہوتی ہے جبکہ لوگ کھیتوں میں کام کرنے سے بھی ڈررہے ہیں اور دوپہر کے بعد ہی باہر نکلنے کو ترجیح دیتے ہیں۔لوگ اب فصلوں کی رکھوالی کیلئے رات بھر ٹیموں کی شکل میں بیٹھتے ہیں اورپٹاخوں و ڈھول کا استعمال کرتے ہیں تاکہ یہ جانور فصلوں کو نقصان نہ پہنچاسکیں۔لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ جنگلی جانور مکئی کی فصل تیار ہونے کے بعد مقامی آبادی کا رخ کیا کرتے ہیںاور اسے نقصان پہنچاتے ہیں۔
مقامی لوگوں نے بتایاکہ گزشتہ دوسال کے دوران ان علاقوں میں جنگلی جانروں نے گنجان آبادی کے قریب کئی افراد پرحملے کرکے انھیں زخمی کردیا لیکن اسکے باوجود محکمہ ان جنگلی جانوروں کو مقامی آبادی سے باہر رکھنے میں ناکام ثابت ہوا ہے ۔لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر سے مطالبہ کیا کہ وہ محکمہ وایلڈ لایف کے افسران کو ہدایت دیں اور ان سبھی علاقوںمیں ٹیمیں بھیج کر جنگلی جانوروں کو مقامی آبادی سے دور کیا جائے تاکہ کوئی جانی نقصان نہ ہو۔