سرینگر +بانہال// بالآخر موسم نے انگڑائی لے ہی لی اور وادی کے میدانی علاقوں میں سوموار کو رم جھم برسات اور بالائی علاقوں میں ہلکی سے درمیانہ درجے کی پہلی برفباری سے پہاڑوں پر سفیدی چھا گئی۔سرینگر جموں شاہرا ہ، مغل روڑ ،بانڈی پورہ گریز اور کپوارہ کے بالائی علاقوں کی رابطہ سڑکیں گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بند ہو گئی ہیں۔ سونم لوٹس کی پیش گوئی کے عین مطابق اتوار اور سوموار کی درمیانی رات سے شہر سرینگر اور وادی کے کم و بیش تمام میدانی علاقوں میں بارشیں ہوتی رہیں اور سوموار کو دن بھر یہ سلسلہ جاری رہا۔فیاض بخاری نے اطلاع دی ہے کہ سوپور، پٹن اور رفیع آباد میں بارشوں کے ساتھ ہلکی برف باری کا سلسلہ شام دیر گئے سے شروع ہو گیا۔ گلمرگ ،بابا ریشی اور ٹنگمرگ میں اتوار اور سوموار کی درمیانی رات کو پہلے بارشیں ہوئیں اور اُس کے بعد بھاری برف باری کا سلسلہ شروع ہوا جو سوموار کی شام دیر گئے تک جاری تھا ۔گلمرگ کے میدانی علاقوں میں 1فٹ ،افروٹ 16انچ ، بابا ریشی 7انچ اور ٹنگمرگ میں 3انچ برف ریکارڈ کی گئی ۔اننت ناگ سے ملک عبدالسلام کے مطابق پہلگام میں سوموار کی دوپہر تک پہلے بارشیں ہوتی رہیں اور اُس کے بعد برف باری کا سلسلہ شروع ہوا جو شام دیر گئے تک وقفے وقفے سے جاری تھا، جبکہ پسو ٹاپ ، پنجترنی ،چندن واڑی اور سنتھن ٹاپ پر بھی برف باری ہوتی رہی۔کنگن سے غلام نبی رینہ نے اطلاع دی ہے کہ اتوار اور سوموار کی درمیانی رات کو کنگن، گنڈ اور دیگر بالائی علاقوں میں پہلے بارشیں ہوئیں اور اُس کے بعد برف باری کا سلسلہ شروع ہوا اور سوموار کی شام تک سونہ مرگ میں 1فٹ ، زوجیلا میں 2فٹ ،گگن گیر میں 8انچ ،گنڈ میں 4انچ، کلن میں 4انچ برف جمع ہو گئی تھی۔گاندربل سے ارشاد احمد نے اطلاع دی ہے کہ ضلع بھر میں صبح سے ہی بارشیں ہو تی رہیں۔شوپیاں سے شاہد ٹاک نے اطلاع دی ہے کہ میدانی علاقوں میں سوموار کی صبح پہلے بارشیں ہوئیں اور شام 4بجے کے بعد ہلکی برف باری کا سلسلہ شروع ہوا ۔شوپیاں کے ہیرپورہ ،بوری ہالن ،پیر کی گلی اور دبجن میں صبح سے ہی برف باری کا سلسلہ جاری تھا۔ہیرپورہ میں 4انچ ، دبجن میں 7انچ اور پیر کی گلی پر 1فٹ برف جمع ہو گئی تھی جس کے نتیجے میں مغل روڑ کو گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بند کر دیا ۔ بانڈی پورہ سے عازم جان نے اطلاع دی ہے کہ بانڈی پورہ گریز سڑک کو بھی برف باری کے بعد گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔ رازدان ٹاپ پر آخری اطلاعات ملنے تک 1فٹ برف جمع ہو گئی تھی ۔کپوارہ سے اشرف چراغ نے اطلاع دی ہے کہ میدانی علاقوں میں بارشیں ہو رہی ہیں جبکہ بالائی علاقوں میں بھاری برف باری کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں کیرن کپوارہ اور مژھل کپوارہ سڑکوں کو گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔ نستہ چھن گلی پر 7انچ ،مژھل کی زیڈ گلی پر 14انچ اور کیرن کی پھرکیاں گلی پر 7انچ برف سوموار کی شام تک ریکارڈ کی گئی تھی ۔ادھر بڈگام میںدودھ پتھری ، توسہ میدان اور یوسمرگ کی سڑکیں بھی بھاری برف باری کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بند ہو گئی ہیں ۔ ادھراتور کی رات سے جواہر ٹنل کے آر پار شدید بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کے جاری سلسلے کے باوجود بھی جموں سرینگر شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت پیر کے روز دن بھر جاری رہی تاہم میدانی علاقوں میں بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری میں تیزی انے کے بعد ٹریفک حکام نے پیر کی شام چھ بجے سے احتیاطی طور شاہراہ پر دونوں طرف سے ٹریفک کی نقل و حمل کو روک دیا ۔ بانہال کے مہو ، منگت ، کھڑی ، ترنہ، ترگام ، پوگل پرستان ، سینا بتی سمیت ضلع رام بن کے دیہی اور پہاڑی علاقوں میں برف کی سفید چادربچھ گئی ہے۔