یو این آئی
سرینگر//وادی کشمیر کے بالائی علاقوں میں موسم نے ایک مرتبہ پھر کروٹ لی اور پہاڑوں پر تازہ برفباری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ سونہ مرگ، زوجیلا اور پیر پنچال کے پہاڑی سلسلوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی ہے ، جس کے نتیجے میں وادی کے میدانی علاقوں میں بھی ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگی ہیں۔ سرینگر، بڈگام، پلوامہ اور اننت ناگ کے میدانی علاقوں میں بھی درجہ حرارت گر گیا ہے۔برف سے ڈھکے پہاڑوں اور سبز چراگاہوں کے حسین امتزاج نے وادی کے حسن کو مزید چار چاند لگا دیئے ہیں۔ادھرمحکمہ موسمیات نے کہا کہ جموں و کشمیر میں بدھ کی دوپہر سے موسم میں بہتری واقع ہوئی ۔متعلقہ محکمے نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں 3 ستمبر کی دوپہر سے موسم میں بتدریج بہتری واقع ہوئی ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ 4 سے 7 ستمبر تک کہیں کہیں ہلکی بارشوں کے مختصر مرحلے ممکن ہیں جبکہ اس دوران جموں صوبے میں کچھ مقامات پر درمیانی درجے کی بارشوں کا امکان ہے ۔موصوف ترجمان نے بتایا کہ 8 سے 11 ستمبر تک جموں صوبے کے کچھ علاقوں میں درمیانی درجے کی بارشیں متوقع ہیں جبکہ بعد میں 11 ستمبر کی شام سے موسم میں ایک بار پھر بہتری متوقع ہے ۔محکمے کے مطابق سرینگر میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 39 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جبکہ وادی کے سیاحتی مقامات پہلگام اور گلمرگ میں بالترتیب 64 ملی میٹر اور 8.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔ قاضی گنڈ میں 82 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جبکہ کپوارہ میں 2.9 ملی میٹر اور کوکرناگ میں 82.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔جموں میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 86.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جبکہ بانہال میں 107.2 ملی میٹر، بٹوٹ میں 107.2 ملی میٹر،کٹراہ میں 212 ملی میٹر،بھدرواہ میں 116.2 ملی میٹر اور کٹھوعہ میں 59.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔ محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کہا ہے کہ جموں وکشمیر میں کہیں کہیں سیلابی ریلے آنے ، لینڈ سلائیڈنگ ہونے اور چٹانیں کھسک آنے کے بھی خطرات ہیں۔