عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ایشیا کا سب سے بڑا ٹیولپ گارڈن (باغِ گلِ لالہ) 23 مارچ کو سیاحوں کیلئے کھول دیا جائے گا۔ باغ میں امسال 73 اقسام کے تقریباً 1.7 ملین ٹیولپ لگائے گئے ہیں۔ کمشنر سیکرٹری محکمہ پھولبانی شیخ فیاض نے کہا کہ رواں سال ٹیولپ گارڈن میں تقریباً 73 اقسام کے تقریباً 17 لاکھ پھول کھلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ باغ کو 23 مارچ کو عوام کے لیے کھول دیا جائے گا اور وہ توقع کرتے ہیں کہ دنیا بھر سے سیاحوں کا بہت زیادہ رش ہوگااور محکمہ نے ریکارڈ تعداد میں سیاحوں اور ٹیولپ کی اقسام کے لیے ورلڈ بک آف ریکارڈ سے ایوارڈ حاصل کیا۔کمشنر سیکرٹری فلوری کلچر شیخ فیاض احمد نے کل سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ میٹنگ کی صدارت کرنے کے دوران کہا کہ محکمہ کی کوشش ہے کہ ٹیولپ گارڈن کو مزید پُرکشش اور دُنیا بھر سے آنے والے سیاحوں کو راغب کیا جائے۔
اُنہوں نے کہا ،’’اِس برس ہم نے پانچ نئی قسمیں شامل کی ہیں جس سے ٹیولپ کی کل اَقسام کی تعداد 73ہوگئی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اِس برس17 لاکھ ٹیولپ کھلنے والے والے ہیں اور اِس سلسلے میں زمینی کام مکمل کیا گیا ہے ۔کمشنر سیکرٹری نے کہا کہ ٹیولپ گارڈن میں پارکنگ کے لئے مزید چار کنال اراضی بھی شامل کی ہے تاکہ سیاحوں کے لئے آسان تجربے کو یقینی بنایا جاسکے۔ شیخ فیاض نے کہا کہ حال ہی میں ورلڈ بک آف ریکارڈمیں ٹیولپ گارڈن کو شامل کیا گیا ہے جس کے لئے محکمہ فلوری کلچر فخر کرتا ہے اور محکمہ نے جموں و کشمیر میں سیاحتی شعبے کو بہت ترقی دی ہے۔ہمیں گزشتہ برس کے مقابلے اس برس ٹیولپ گارڈن میں سیاحوں کی آمد میں اضافے کی توقع ہے اور اِس سلسلے میں تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔اُنہوں نے باغ میں مختلف سول کاموں جیسے فیس لفٹنگ، ٹوائلٹ پوائنٹس، سوکیج گڑھے، روشنی کے علاوہ دیگر کاموں کا بھی نوٹس لیا اور متعلقہ اَفسران سے کہا کہ وہ باقی ماندہ کاموں کو مکمل کریں۔کمشنر سیکرٹری نے ڈی ایف اوز کو ہدایت دی کہ وہ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام اَضلاع میں پارکوں کی اچھی دیکھ ریکھ کی جائے اور سیاحوں کے لئے تمام سہولیات موجود ہوں۔ اُنہوں نے کہا کہ سیاحوں کی آسانی کے لئے تمام پارکوں میں واش روم کی سہولیت ہونی چاہیے۔اُنہوںنے افسران کو ہدایت دی کہ تمام جاری کاموں کو کم سے کم وقت میں مکمل کیا جائے اور ڈائریکٹر فلوری کلچر سے کہا کہ وہ کاموں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے خود نگرانی کریں۔دورانِ میٹنگ یہ بات بھی سامنے آئی کہ محکمہ فلوری کلچر نے مزید 7 پارکوں میں ملٹی ایکٹیوٹی بچوں کے آلات نصب کئے ہیں جس سے بچوں کے سازوسامان والے پارکوں کی کل تعداد 14 ہو گئی ہے۔ ڈائریکٹر فلوری کلچر کشمیر فاروق احمد راتھر نے کہا کہ محکمہ کی شعوری کوشش ہے کہ بچوں کو پارکوں میں تفریحی وقت ملے۔ اُنہوں نے متعلقہ اَفسران کو سخت ہدایات بھی دیں کہ وہ پارکوں میں موجود آلات پر کڑی نظر رکھیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ اُنہوں نے کہا کہ بچوں کی مکمل حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے کوئی بھی خراب سامان فوری طور پر تبدیل کیا جائے۔