باغِ گل لالہ لوگوں کی بھیڑ اُمڈ آئی، محکمہ پھولبانی کی طرف سے ثقافتی تقاریب کا اہتمام
سرینگر// وادی میں موسم بہار کے دستک کے ساتھ ہی جہاں ہر سو قدرتی مناظر آنکھوں کو تراوت دیتے ہیںوہیںمحکمہ پھولبانی نے سنیچر کو سرینگر میں مغل باغات کو سیاحوں اور عام لوگوں کیلئے کھول دیا۔موسم میں بہتری اور موسم بہار کی آمد کے ساتھ ہی بیساکھی سے ایک روز قبل ہی مغل باغات کو کھول دیاگیا۔ شالمیار باغ میں منعقدہ تقریب کے دوران محکمہ پھولبانی کے ڈائریکٹر عبدالحفیظ شاہ نے امید ظاہر کی کہ مغل باغات کھولنے سے مقامی و غیر مقامی سیاحوں کی بڑی تعداد ان باغات میں قدرتی رعنائیوں سے لطف اندوزہونے کیلئے آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ سرینگر میں مغل باغات کوکھولنے کے علاوہ جنوبی اور شمالی کشمیر کے مغل باغات کو بھی کھول دیا گیا۔ مغل باغات کے کھلنے کے ساتھ ہی سنیچر کو مقامی و غیر مقامی سیاحوں کی بڑی تعداد نے ان باغات کا رخ کیاجبکہ مختلف اسکولوں کے طلاب بھی مغل باغات سیر کو پہنچے۔ شالیمار کے علاوہ،نشاط،ہارون،باٹنیکل گارڈن اور باغ گل لالہ میں بارشوں کے باوجود کافی تعداد میں لوگوں نے سیر کی،جس کے نتیجے میں بلیوارڈ روڑ پر ٹریفک جام کے مناظر بھی دیکھنے کو ملے۔سرکاری تعطیل کی وجہ سے مغل باغات کے کھلنے کے پہلے روز دوردراز علاقوں سے بھی کافی مرد و زن کے علاوہ بچے بھی ان باغات میں سیر کو پہنچے۔محکمہ پھولبانی نے چند باغات میں سیاحوں کی تفریح کیلئے ثقافتی تقاریب کا بھی انعقاد کیا ہے،جبکہ سیاحوں کی توجہ ان باغات کی جانب مبذول کرانے کیلئے روایتی کشمیری بانڈ پاتھر کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔