جموں//باغبانی کے وزیر سید بشارت بخاری نے یہاں راج بھون میں گورنر این این ووہرا کے ساتھ ملاقات کی ۔ اس دوران وزیر موصوف نے گورنر کو ریاست میں باغبانی شعبے کی تیز تر ترقی کو یقینی بنانے کیلئے شروع کئے گئے اقدامات کے بارے میں جانکاری دی ۔ گورنر نے ہارٹیکلچر شعبے کو معیار کی بلندیوں تک لے جانے کیلئے متعلقین کی طرف سے بروقت منصوبہ بندی کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ میوؤں کی پیداوار بڑھانے کیلئے اعلیٰ پیداوار دینے والے میوہ پودے لگائے جانے چاہئیں ۔ انہوں نے کہا کہ وادی میں کسانوں کو بہتر میوہ اگانے کیلئے ہر طرح کی سہولیات بہم پہنچائی جانی چاہئیں ۔ گورنر نے ریاست کی دو زرعی یونیورسٹیوں کو مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ زیادہ سے زیادہ رقبے کو باغبانی کے دائرے میں بہتر منصوبہ بندی عملائی جانی چاہیئے۔ادھریونیورسٹی آف کشمیر کے وائس چانسلر ڈاکٹر خورشید اندرابی نے آج گورنر این این ووہرا جو یونیورسٹی کے چانسلر بھی ہیں ، کے ساتھ ملاقات کی اور یونیورسٹی کے کام کاج سے جڑے امور کے بارے میں جانکاری دی ۔ گورنر نے یونیورسٹی میں اعلیٰ تعلیمی ماحول برقرار رکھے جانے کی ضرورت پر زور دیا کہ ہر ایک شعبے میں فیکلٹی ممبران کو کونسلر مینٹروں کے طور پر تعینات کیا جانا چاہئیے تا کہ وہ طلاب کے ساتھ باہمی رابطہ بنا کر اُن کی بروقت رہنمائی کر سکیں ۔ گورنر نے کہا کہ وقت پر امتحانات منعقد کئے جانے چاہئیں اور نتایج میں بھی کوئی تاخیر نہیں ہونی چاہئیے ۔ گورنر نے وی سی ، فیکلٹی اور طلاب کو ملک کی 100 یونیورسٹیوں میں 47 واں مقام حاصل کرنے کیلئے مبارکباد دی ۔ گورنر نے کہا کہ کورسوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جانا چاہئیے تا کہ یہ یونیورسٹی آگے چل کر ایک اعلیٰ تعلیمی مرکز کے طور پر ابھر کر سامنے آئے ۔