عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر برائے زرعی پیداوار ، دیہی ترقی ، پنچائتی راج ، کواپریٹو اینڈ الیکشن ڈیپارٹمنٹ جاوید احمد ڈار نے آج ڈائریکٹوریٹ آف ہارٹیکلچر پلاننگ اینڈ مارکیٹنگ جموں و کشمیر میں کشمیر ڈویژن کے فروٹ اینڈ ویجیٹیبل مارکیٹ ایسوسی ایشنز کے صدور اور عہدیداروں کے ساتھ ایک مشاورتی اجلاس کی صدارت کی تا کہ باغبانی کے شعبے سے متعلق اہم مسائل کا جائیزہ لیا جائے اور ان کا حل نکالا جائے ۔ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر پلاننگ اینڈ مارکیٹنگ نے محکمہ کے سینئر افسران کے ساتھ مل کر محکمے کی جاری سرگرمیوں اور اقدامات کا ایک جائیزہ پیش کیا جو کہ پوسٹ ہارویسٹ منیجمنٹ کو مضبوط بنانے ، مارکیٹ کے روابط کو بہتر بنانے اور باغبانی کی پیداوار کی مارکیٹنگ میں کارکردگی کو بڑھانے کیلئے ہیں ۔ گفتگو کے دوران سٹیک ہولڈرز نے متعدد مسائل اٹھائے جن میں اضافی کنٹرولڈ ایٹموسفئیر ( سی اے ) اسٹوریج کی سہولیات کی ضرورت ، پیکجنگ میٹریل کی دستیابی اور معیاری بنانے ، نیشنل ہائی وے اور مغل روڈ پر ہموار نقل و حمل ، پروسیسنگ یونٹس کے قیام ، فصلوں کی انشورنس کوریج ، مارکیٹ انٹر وینشن سکیم ( ایم آئی ایس ) کو مضبوط بنانے ، ای ۔ نام ٹریڈنگ کے فروغ اور منڈیوں کے بہتر کام کاج شامل ہیں ۔ وزیر نے ان مسائل کو غور سے سُنا اور یقین دلایا کہ ان کے حل کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔ انہوں نے جموں و کشمیر کی معیشت کو فروغ دینے کیلئے باغبانی میں جدید اور ہائی ٹیک طریقوں کو اپنانے پر زور دیا ۔ جاوید ڈار نے باغبانی کے شعبے کی صلاحیت کو بہتر بنانے کیلئے حکومت کی مشترکہ کوششوں کے عزم کو دوہرایا ۔