سرینگر//باغبانی کے وزیر سید بشارت بخاری نے کل باغبانی محکمہ کے افسروں کی ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے باغبانی شعبۂ کے ماحصل میں اضافہ کرنے کے لئے جدید طریقوں کو متعارف کرنے کی ہدایت دی ہے۔میٹنگ کا انعقاد نبارڈ اور پی ایم ڈی پی کے تحت متعدد ترقیاتی پروگراموں پر جاری عمل کا جائیزہ لینے کے لئے کیا گیا تھا۔میٹنگ میںڈائریکٹر ہارٹی کلچر کشمیر متہورا معصوم،ڈائریکٹر ہارٹی کلچر پلاننگ اینڈ مارکیٹنگ منظور اے قادری، چیف ہارٹی کلچر افسران کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔وزیر نے کہا کہ باغبانی شعبۂ سے نہ صرف کسانوں کو فائدہ ہوگا بلکہ اس شعبۂ کی ترقی سے ریاست بھر میں خوشحالی کا دور دورہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ریاست میں باغبانی شعبۂ کے تحت600 میٹرک ٹن میوہ پیدا ہوتا ہے لیکن جدید ٹیکنالوجی کو اپناتے ہوئے جموں وکشمیر میں40 ہزار میٹرک ٹن میوہ پیدا کیا جاسکتا ہے۔بعد میں وزیر نے گلاب باغ زکورہ میں ہائی ڈینسٹی پلانٹیشن آرچڈ کا معائنہ کیا۔انہوں نے حبک فور شو روڈ پر31 کنال محکمہ کی اراضی کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ اس اراضی پر باغبانی سیکٹر اور سیاحتی کشش کا مرکز بنانے کے لئے امکانات تلاش کریں۔