سرینگر//وزیر برائے خوراک، شہری رسدات اور امور صارفین چودہدری ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ جو سماج اپنے حقوق سے باخبر ہوتا ہے وہ قوانین کی موثر عمل آوری میں کلیدی رول ادا کرتا ہے۔وزیر نے ان خیالات کا اظہار کالج آف ایجوکیشن سرینگر میں متعلقہ محکمہ کی طرف سے منعقد کئے گئے ایک صارفین بیداری پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پُرانے قوانین کو صارفین کی سہولیت کے لئے نئے قوانین سے بدلا جاتا ہے تا کہ صارفین کے حقوق کی پاسداری ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ ضرورت کے حساب سے پرانے قوانین کی یا تو ترمیم کی جاتی ہے یا ان کے بدلے نئے قوانین لائے جاتے ہیں تا ہم اس کافائدہ تب ہی صارفین کو ہوگا جب وہ اپنے حقوق سے باخبر ہوں۔ انہوں نے اس موقعہ پر صارفین ایکٹ کے مختلف پہلوو¿ں کو اجاگر کیا۔وزیر نے کنزیومر عدالتوں کے کام کاج پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ صارفین فورموں کے وجود میں آنے سے لے کر اب تک9 ہزار سے زائد معاملات نپٹائے گئے۔انہوں نے کہا کہ صدر صوبائی کنزیومر فورم کشمیر کی تجوزی کے مطابق ایک میڈیا سیل قائم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ این ایف ایس اے اور ایم ایم ایف ای ایس سکیموں کی عمل آوری کے علاوہ محکمہ کی ڈیجیٹائزیشن کے علاوہ اس محکمہ نے کئی اختراعی کام کئے۔ کمشنر سیکرٹری ایف سی ایس اینڈ سی اے ایم ڈی خان، ڈی سی سرینگر سید عابد رشید شاہ، ناظم خوراک و سول سپلائیز نثار احمد وانی، کنٹرولرایل ایم ڈی آر کے کٹوچ، صدر صوبائی کنزیومر فورم کشمیر اشرف ملک اور کئی دیگر افسران بھی اس تقریب میں موجود تھے۔