فیاض بخاری
بارہمولہ// قصبہ بارہمولہ میںدریائے جہلم تیزی سے ڈمپنگ ائیریا میں تبدیل ہو رہا ہے کیونکہ اولڈ ٹائون علاقے میں جہلم مارکیٹ کے متعدد قصاب جانوروں کے خون اور فضلے کو براہ راست دریا میں پھینکتے رہتے ہیں ۔ اس عمل نے رہائشئیوں کو پریشان کر دیا ہے ،جو روزانہ استعمال کیلئے اس پانی پر انحصار کرتے ہیں۔مقامی لوگوں نے صورتحال کو تشویشناک قرار دیا۔مکینوں کا کہنا ہے کہ جہلم مارکیٹ پل کے قریب دریائے جہلم میں آلودگی اور ناقابل برداشت بدبو کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس کے علاوہ کچھ خود غرض لوگ کوڑا کرکٹ اور گندگی بھی جہلم میں ہی پھینکتے ہیں، تاہم اس کی طرف کوئی دھیان نہیں دیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر فوری طور پر توجہ نہ دی گئی توعلاقہ کے صحت عامہ اور ماحولیات کو سنگین خطرہ لاحق ہوگا۔ جہلم مارکیٹ پل کے قریب اور اس کے ملحقہ علاقوں میں ناقابل برداشت بدبو ہوتی ہے۔ ایک مقامی شہری اشفاق احمد نے بتایا کہ ہم یہ پانی فلٹر کرکے پیتے ہیں، ہم اسے کھانا پکانے اور صفائی کے لیے بھی استعمال کرتے ہیں۔ اپنی آنکھوں کے سامنے اسے آلودہ ہوتے دیکھ کر دل دہل جاتا ہے۔لوگوں نے میونسپل کونسل اور بارہمولہ ضلع انتظامیہ سے ان لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیاہے ،جو دریا کو آلودہ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کو سزا ملنی چاہیے۔ یہ صرف صفائی کا مسئلہ نہیں ہے ، یہ ہمارے لوگوں اور ہمارے دریا کی بقاء کامسئلہ ہے۔ ادھر ماحولیاتی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ جانوروں کے فضلے کو مسلسل پھینکنے سے آبی حیات اور دریائے جہلم کے ماحولیاتی نظام کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔