سرینگر//تحریک حریت نے جسمانی طور معذور تنویر احمد وار ساکن بارہ مولہ، بشیر احمد صالح اور آصف گُل کو دوسری بار پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت کوٹ بھلوال جیل منتقل کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تنویر احمد وار جسمانی طور معذور ہے اور وہ بیساکھیوں کے سہارے کے بغیر چل نہیں پاتا ہے۔ اسی معذوری کی حالت میں موصوف کو گزشتہ 10ماہ سے پی ایس اے کے تحت کپواڑہ جیل میں بند رکھا تھا، جبکہ بشیر احمد صالح اور آصف گل بھی پچھلے سال سے پی ایس اے کے تحت بند تھے۔ حکومت کی طرف سے اُن پر جو الزامات لگائے گئے تھے، لواحقین نے عدالتِ عالیہ میں اُن الزامات کے خلاف اپیل دائر کی تھی۔ عدلیہ نے اُن پر لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اُن کی رہائی کا حکم دیا، مگر حکومت نے ان کی رہائی عمل میں لانے کے بجائے ان تینوں کو دوبارہ کالے قانون پی ایس اے کے تحت کوٹ بھلوال جیل منتقل کیا، اُن پر دوبارہ پبلک سیفٹی ایکٹ لگانا انسانی حقوق کی بدترین پامالی ہے۔