بارہمولہ // قصبہ میں سوموار شام دیر گئے اس وقت سنسنی پھیل گئی جب اولڈ ٹائون میں فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں اور اسکے بعد خون میں لت پت 3 مقامی نوجوانوںکی لاشیں سڑک پر پڑی ہوئی مل گئیں۔پولیس نے دعویٰ کیا کہ تینوں کو جنگجوئوں نے قتل کردیا۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سوموار کو قریب ساڑھے 8بجے جب لوگ نماز عشاء کی تیاری کررہے تھے تو اولڈ ٹائون اور خانہ پورہ کے درمیان روڑ پر پل کے نزدیک شدید فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔لوگوں نے بتایا کہ فائرنگ ہونے کے بعد خاموشی طاری ہوئی اور کچھ دیر بعد شور سنا گیا۔لوگوں کا کہنا ہے کہ اتنے میں یہ خبر پھیل گئی کہ 3نوجوانوں کو ہلاک کردیا گیا ہے اور وہ گھروں سے باہر آئے۔اس دوران پولیس کو بھی مطلع کیا گیا جو جائے واردات پر پہنچ گئی اور لاشوں کو اپنی تحویل میں لیا۔پولیس نے بتایا کہ تین نوجوان مقامی ہیں جو ککر حمام کے رہنے والے تھے۔پوپولیس نے انکی شناخت آصف احمد شیخ ولد علی محمد شیخ ،حسیب احمد خان ولد غلام نبی خان ساکنان سید کریم بارہمولہ اور محمد اصغر خان ولد مشتاق احمد خان ساکن ککرحمام بارہمولہ کے طور پر کی ہے۔حسیب احمد خان حال ہی میں پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت نظربند رہنے کے بعد رہا ہوا تھا۔