عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//پولیس نے سیکورٹی فورسز کے ساتھ مل کر کالعدم ایل ای ٹی/ٹی آر ایف سے منسلک 2 ملی ٹینٹوں کو گرفتار کیا اور بارہمولہ میں ان کے قبضے سے مجرمانہ مواد، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا۔ بارہمولہ میں پولیس کو معتبر ذرائع سے معلوم ہوا کہ ایک شخص یاسین احمد شاہ ولد طارق احمد ساکن جانباز پورہ اپنے گھر سے لاپتہ ہے اور اس نے کالعدم لشکر طیبہ/ٹی آر ایف میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ اسی مناسبت سے تھانہ بارہمولہ میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی۔
انسانی / تکنیکی انٹیلی جنس کی بنیاد پر اس اطلاع کی وصولی پر بارہمولہ پولیس، آرمی اور سی اے پی ایف کی ایک مشترکہ ٹیم نے تاپر پٹن میں ایم وی سی پی چیکنگ کے دوران مذکورہ دہشت گرد کو گرفتار کیا۔ اس کے قبضے سے 1 پستول، 1 پستول میگزین اور 8 زندہ رانڈز سمیت مجرمانہ مواد، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔پوچھ گچھ کے دوران اس نے اپنے دوسرے ساتھی کا نام پرویز احمد شاہ ولد علی محمد ساکن تکیہ واگورہ بتایا۔ پولیس، آرمی اور سی اے پی ایف کی مشترکہ پارٹیوں نے اس کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا اور بعد میں اسے گرفتار کرلیا۔ اس کے انکشاف پر اس کے قبضے سے 2 دستی بم بھی برآمد ہوئے۔ محمد یاسین شاہ سے مزید تفتیش کے دوران اور اس کے انکشاف پر جانباز پورہ میں واقع اس کے گھر سے 1 پستول، 1 پستول میگزین اور 8 زندہ رانڈ بھی برآمد ہوئے۔اب تک کی تفتیش سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ 2 دہشت گرد پاکستان میں موجود ہینڈلرز کی ہدایت پر کام کر رہے تھے اور مزید دہشت گردوں کو بھرتی کرنے اور بارہمولہ اور آس پاس کے علاقوں میں دہشت گردانہ کارروائیاں کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ تفتیش ابتدائی مرحلے میں ہے اور مزید گرفتاریاں اور بازیابیاں متوقع ہیں۔