بارہمولہ میں 15نامزدگیاں مسترد لداخ میں 3کے کاغذات رد

 اشرف چراغ

کپوارہ//شمالی کشمیر کی بارہ مولہ پارلیمانی نشست میں 38امیدوارو ںکے کا غذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے دوران 15نامزدگیا ں مسترد کی گئیں۔ اب اس نشست پر الیکشن لڑنے والے امیدوارو ں کی تعداد 23رہ گئی ہے، جن کے کا غذات درست پائے گئے۔ان میں عمر عبد اللہ ، محمد فیا ض میر ،پیپلز کا نفرنس چیئر مین سجاد لون اور انجینئر رشیدشامل ہیں ۔ادھرلداخ پارلیمانی حلقے کیلئے ہفتے کے روز کاغذات کی جانچ پڑتال کے دوران دو کورنگ اور ایک آزاد امیدوارکے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے گئے۔ ریٹرننگ افسر نے بتایا کہ مسترد ہونے سے صرف پانچ امیدوار میدان میں رہ گئے ہیں۔کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 6 مئی ہے۔یہاں 20 مئی کو انتخابات کے پانچویں مرحلے میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ آزاد امیدوار غلام نبی ضیا کی نامزدگی، جن کا فارم نامکمل پایا گیا، کو بھی مسترد کر دیا گیا۔باقی پانچ امیدواروں میں سے، بی جے پی کے تاشی گیالسن اور کانگریس کے سرنگ نامگیال لیہہ سے ہیں۔ تینوں آزاد امیدواروں، محمد حنیفہ جان، سجاد حسین اور کاچو محمد فیروز کا تعلق کرگل سے ہے۔