بارہمولہ//محکمہ زراعت نے بدھ کو ڈاک بنگلہ بارہمولہ میں کسان میلہ اور نمائش کیمپ کا انعقاد کیا جس میں باغبانی کے وزیر سید بشارت بخاری نے مہمانِ خصوصی کی حثیت سے شرکت کی ۔ اس موقع پر 15 سٹال قایم کئے گئے تھے جن پر زراعت سے جڑی اشیاءکی نمایش کی گئی تھی ۔ اس موقعہ پر زراعت اور دیگر متعلقہ شعبوں کے افسران نے وزیر موصوف کو کسانوں کی بہبود کیلئے متعارف کی گئی سکیموں سے متعلق حصولیابیوں کے بارے میں جانکاری دی ۔ وزیر نے اس قسم کے میلوں اور پروگراموں کے انعقاد کیلئے محکمہ زراعت کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ اس سے مختلف شعبوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونے کا موقعہ فراہم ہوتا ہے اور کسان بھی مستفید ہوتے ہیں ۔ وزیر نے کسانوں سے تلقین کی کہ وہ سرکار کی جانب سے شروع کی گئی مختلف سکیموں سے استفادہ کریں ۔ وزیر نے مگس بانی ، مشروم اور گھریلو صنعتوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔اس موقعہ پر وزیر نے کہا کہ محکمہ نے مالی سال 2016-17 کے دوران آر کے وی وائی ، این ایف ایس ایم ، پی ایم کے ایس وائی ، ایم آئی ایچ ڈی اور دیگر سکیموں کے تحت کسانوں کو ایک کروڑ 29 لاکھ روپے مالی امداد کے طور تقسیم کئے ہیں تا کہ وہ زرعی سرگرمیوں کیلئے جدید مشینری خرید سکیں ۔ اس موقعہ پر بتایا گیا کہ زراعت محکمہ نے 19 پاور ٹِلر ، 2 ٹریکٹر ، 103 آبپاشی پمپ سیٹ ، 145 ٹیوب ویل ، 16 گرین ہاوس ، 88 واٹر ہارویسٹنگ ٹینک اور 4 گودام سال 2016-17 کے دوران کسانوں کو فراہم کئے ہیں ۔ کیمپ میں ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ ڈاکٹر ناصر نقاش کے علاوہ دیگر کئی ضلع افسران نے بھی شرکت کی ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے اس موقعہ پر کہا کہ ضلع انتظامیہ کسانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی ۔