سرینگر/پولیس نے بدھ کو کہا کہ شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں ایک پاکستانی جنگجو کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے جس کا تعلق لشکر طیبہ سے ہے۔
گرفتار شدہ کی شناخت محمد وقار آوان ساکنہ محلہ میاں، میانوالی پنجاب پاکستان کے طور ہوئی ہے۔
وقار کو رواں ہفتے کے ابتدائی ایام میں گرفتار کرکے آج سرینگر میں میڈیا نمائندوں کے سامنے پیش کیا گیا۔
ایس ایس پی بارہمولہ عبد القیوم کے مطابق آوان 2017میں دراندازی کرکے کشمیر کے اندر داخل ہوا تھا۔وہ ہندوارہ علاقے میں سرگرم تھا تاہم گذشتہ کچھ عرصہ سے اُس نے اپنی سرگرمیاں سرینگر میں بھی شروع کی تھیں۔ابھی حال ہی میں جب آوان بارہمولہ لوٹ رہا تھا تو اُسے ایک ناکے کے دوران گرفتار کیا گیا ۔ناکے سے اس کو لیجانے والی گاڑی فرار ہوئی تھی تاہم آوان اور اس کے ڈرائیور کی گرفتاری کچھ دور بھاگنے کے بعد ہی عمل میں لائی گئی۔ آوان کا ڈرائیور ایک کشمیری تھا۔قیوم نے کہا کہ آوان اُن علاقوں میں عسکریت شروع کرنے میں کوشاں تھا جن کو جنگجوئوں سے خالی قرار دیا گیا ہے۔