بارہمولہ میں منشیات فروش کی گاڑی ضبط

 عظمیٰ نیوز سروس

بارہمولہ// بارہمولہ میںپولیس نے منشیات فروشی کی غیر قانونی تجارت سے حاصل ہونے والی ایک کار کو ضبط کر لیا ہے۔ پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس نے بدنام زمانہ منشیات فروش عاشق الٰہی پرے ولد عبدالرزاق ساکنہ لاوے پورہ شالٹینگ سرینگر کے زریعے غیر قانونی طریقے سے حاصل کی گئی جائیداد سوئفٹ کار زیر رجسٹریشن نمبر JK01M-7274 ضبط کر لی ہے۔ اُنہوں نے بتایا کہ یہ کارروائی این ڈی پی ایس ایکٹ 1985کی دفعہ 68-ایف (1) کی ذیلی دفعہ 68-ای کے تحت کی گئی ہے۔ملزم عاشق الٰہی پولیس تھانہ پٹن میں این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 8/21 کے تحت درج ایک مقدمہ ایف آئی آر نمبر 368/2023 میں ملوث ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ پولیس کی طرف سے کی گئی تحقیقات/تفتیش کے دوران متعلقہ جائیداد کی شناخت غیر قانونی طور پر حاصل کی گئی جائیداد کے طور پر کی گئی۔ اُنہوں نے بتایا کہ یہ جائیداد پہلی نظر میں منشیات فروش کی غیر قانونی تجارت سے حاصل کی گئی تھی۔