فیاض بخاری
بارہمولہ //حکام نے منگل کوکہاکہ پاکستان میں مقیم کالعدم لشکر طیبہ سے منسلک دو ملی ٹینٹ ساتھیوں کو بارہمولہ ضلع کے کریری گائوں کے ایک بس اسٹاپ سے گرفتار کیا گیا۔حکام نے بتایا کہ سہولت کاروں کی شناخت دائم مجید خان ولد عبدالمجید خان ساکن چیک پنجی گام بانڈی پورہ اور ابیر طارق ولد طارق احمد خان ساکن وترنا پہلوان پورہ پنجی گام بانڈی پورہ کے بطور ہوئی ہے۔پولیس نے بتایا کہ کریری میں ملی ٹینٹوںکی نقل و حرکت کے بارے میں مخصوص اطلاع پر، بارہمولہ پولیس اور 29 آر آر کے مشترکہ دستوں نے ایک بس اسٹاپ پر ناکہ لگایا۔ دو مشتبہ افراد جو کریری کی طرف سے مین روڈ کی طرف آرہے تھے، نے ایک مشترکہ ناکا پارٹی کو دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کی لیکن انہیں حکمت سے پکڑ لیا گیا۔پولیس کے مطابق ملی ٹینٹ ساتھیوں نے لشکر سے منسلک ہونے کا اعتراف کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے بارہمولہ ضلع میں ٹارگٹ کلنگ کے لیے اسلحہ اور گولہ بارود اکٹھا کیا۔ان کے پاس سے دو چینی ساختہ پستول، دو پستول میگزین، 14 زندہ پستول کے رانڈ، 1 شناختی کارڈ، اور ایک آدھار کارڈ کی 1 فوٹو کاپی برآمد ہوئی۔دونوں حراست میں ہیںاور انڈین آرمس ایکٹ اور یو اے پی اے کے تحت پولیس اسٹیشن کریری میں مقدمہ درج کیا گیا ۔