سرینگر//خانپورہ بارہمولہ میں فورسز نے خواتین کے جلوس پر دھاوابول کر ٹیر گیس اور مرچی گیس شیلنگ کی جس کے نتیجے میں کئی خواتین زخمی اور بیہوش ہوگئیں۔ قصبہ کے خانپورہ علاقے میں نماز جمعہ کے بعد خواتین کا ایک جلوس برآمد ہوا۔خانپورہ کا رہنے والا جاوید احمد ڈار نامی ایک جنگجو گزشتہ دنوں امر گڑھ سوپور میں فورسز کے ساتھ تصادم میں جاں بحق ہوگیا تھااور یہ جلوس اسی کی یاد میں نکالا گیا۔کے ایم این کے مطابق جلوس میں شامل خواتین میں نوجوان لڑکیاں بھی شامل تھیں،جو اسلام، آزادی اورجاں بحق ہوئے افراد کے حق میں نعرے بازی کررہی تھیں۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ خواتین پر امن طور خانپورہ سے گزرنے والی سرینگر مظفر آباد شاہراہ پر مارچ کررہی تھیں کہ اسی دوران پولیس اور فورسز کی بھاری جمعیت وہاں نمودار ہوئیں اور بغیرکسی اشتعال کے جلوس کے خلاف طاقت کا بے تحاشا استعمال کیا۔انہوں نے کہا کہ فورسز نے جلوس کو منتشر کرنے کےلئے آناً فاناً لاٹھی چارج شروع کیا اور خواتین پر اشک آور گیس کے گولوں کے ساتھ ساتھ پیرپر گیس کے گولے بھی داغے۔چنانچہ جلوس میں افراتفری پھیل گئی اور چیخ و پکار کے بیچ کئی خواتین زخمی اور چند ایک بیہوش ہوگئیں جنہیں فوری طور پر ضلع اسپتال بارہمولہ منتقل کیا گیا۔اسپتال میں زیر علاج کئی خواتین نے بتایا کہ فورسز نے بغیر کسی جواز کے ان کے جلوس پر دھاو بول دیا، حالانکہ وہ پر امن طور اپنا احتجاج درج کررہی تھیں۔انہوں نے کہا کہ جلوس میں شامل خواتین نے گاڑیوں کی آمدورفت بھی مسدود نہیں کی، لیکن پولیس اور فورسزنے بلا وجہ ان پر ٹیر گیس اور پیپر گیس کے گولوں کی بارش کی جس کے نتیجے میں خواتین پر خوف طاری ہوا اور ایک درجن کے قریب خواتین بیہوش ہوگئیں جبکہ کچھ ایک کو چوٹیں بھی آئیں۔