عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/معاشرے سے منشیات کی بیخ کنی کو یقینی بنانے کے لئے جموں و کشمیر پولیس نے ضلع بارہمولہ میں الگ الگ کارروائیوں کے دوران ایک خاتون سمیت 3 منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بارہمولہ میں پولیس اسٹیشن کریری کی ایک ٹیم نے چک تاپر کریری میں ایک ناکے کے دوران ایک بلینو گاڑی زیر رجسٹریشن نمبر DL5CN 7586 کو روکا۔
انہوں نے کہا کہ گاڑی میں سوار دو افراد کی تحویل سے 78 گرام اور 55 گرام چرس جیسا مواد، ٹیپنٹاڈول ایچ سی ایل کی 125 اور 30 سٹرپس بر آمد کی گئیں جس کے بعد دونوں کو گرفتار کیا گیا اور گاڑی کو بھی ضبط کیا گیا۔گرفتار شدگان کی شناخت بشریٰ بخاری زوجہ سید ہلال بخاری ساکن پیر محلہ کریری اور فیضان بخاری ولد بشیر احمد بخاری ساکن وانی محلہ کریری کے طور پر کی گئی۔
بیان کے مطابق اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن کریری میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔اسی طرح کی ایک اور کارروائی میں پولیس پوسٹ پلہالن نے تاپر میں قومی شاہراہ پر ناکے کے دوران ایک ٹرک زیر رجسٹریشن نمبر JK05A 2377 کو روکا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ تلاشی کے دوران ٹرک ڈرائیور کی تحویل سے 250 گرام خشخاش بھوسہ جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا گیا جس کے بعد ڈرائیور کو گرفتار اور ٹرک کو ضبط کیا گیا۔گرفتار شدہ کی شناخت محمد اشرف کمار ولد محمد سبحان کمار ساکن برامن روہامہ کے طور پر کی گئی۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن پٹن میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔
بارہمولہ میں خاتون سمیت 3 منشیات فروش گرفتار، ممنوعہ مواد بر آمد:پولیس
