سرینگر//پولیس نے بارہمولہ میں حزب المجاہدین سے وابستہ 3 بالائے زمین کارکنوں کو گرفتار اور ان کی تحویل سے چینی ساخت کے دو پستول برآمد کرنے کا دعویٰ کیاہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار شدگان نوجوانوں کو ملی ٹینسی کی طرف راغب کرنے میں ملوث ہیں اور وہ ہندوارہ سے تعلق رکھنے والے ایک حزب کمانڈر کی ہدایات پر کام کرتے تھے۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ضلع بارہمولہ میں سرگرم حزب المجاہدین کے اوور گرائونڈ ورکروں کو اسلحہ سمیت حراست میں لیا گیا جو نہ صرف ضلع میں تنظیم کیلئے عسکری سرگرمیاں انجام دے رہے تھے بلکہ نوجوانوں کو ملی ٹینسی میں شامل ہونے کی طرف راغب کرنے کا کام بھی کرتے تھے ۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ ، فوج کی29آر آر اور سی آر پی ایف سے وابستہ اہلکاروں نے پٹن میں بہرام پورہ تلگام کراسنگ کے نزدیک ناکہ بٹھایا جس دوران تین افراد کو مشتبہ حالت میں دیکھتے ہی گرفتار کیا گیا۔جب انہیں رُکنے کا اشارہ کیا گیا تو انہوں نے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن فورسز اہلکاروں نے انہیں دبوچ کرحراست میں لیا۔گرفتار شدگان میں وسیم احمد میر ولد نذیر احمد ساکن اندرگام پٹن ، عمر حسن راتھر ولد غلام حسن اور عاکف حسین راتھر ولد غلام حسن ساکنان اچھہ بل سوپور شامل ہیں۔ان کی تحویل سے چینی ساخت کے دو پستول اور کچھ گولی بارود برآمد کرنے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔پولیس ذرائع نے کشمیر میڈیا نیٹ ورک کوبتایا کہ گرفتارشدگان نے دوران تفتیش اس بات کا اعتراف کیا کہ وہ حزب المجاہدین نامی جنگجو تنظیم کے ساتھ وابستہ ہیں اورمعصوم نوجوانوں کو ورغلا کر جنگجوئوں کی صفوں میں شامل کرنے کا کام کرتے تھے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ تینوں گرفتار شدگان ایک طویل عرصے سے تنظیم کے ساتھ وابستہ رہتے ہوئے نوجوانوں کو ملی ٹینسی کی جانب راغب کرنے میں ملوث رہے ہیں۔پولیس کے ایک آفیسر نے بتایا کہ ابتدائی چھان بین کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ اوور گرائونڈ نیٹ ورک حزب المجاہدین کے کمانڈر پرویز وانی عرف مبشر ساکن گلورہ ہندوارہ کی سربراہی میں کام کرتا تھا۔انہوں نے کہا کہ یہ نیٹ ورک نہ صرف نوجوانوں کو عسکری صفوں میںشامل کرنے کیلئے کام کرتا تھا بلکہ اندرگام پٹن اور سوپور علاقوں میں جنگجوئوں کی اعانت بھی کرتا تھا۔گرفتار شدگان کے خلاف پولیس اسٹیشن کریری میں غیر قانونی سرگرمیوں کے انسداد سے متعلق قانون کی دفعہ13کے تحت ایف آئی آر زیر نمبر57/2017درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔