بارہمولہ//شمالی قصبہ بارہمولہ میںمنگل کو اُس وقت صف ماتم بچھ گئی جب ایک کشتی پر سوار 5نو عمر لڑکے دریائے جہلم میں ڈوب گئے جن میں سے 2 کو بچا لیا گیا تاہم 3غرقآب ہوئے ۔ دیوان باٖ غ بارہمولہ میں کچھ بچے معمول کی طرح کھیل رہے تھے ۔اس دوران پانچ لڑکوںنے ایک کشتی خود ہی نکالی، یہ کشتی جب خان پورہ پُل کے پاس پہنچی تو کشتی جہلم میں موجود ایک پرانی مشین سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں کشتی الٹ گئی اور اس پر سوار پانچ لڑکے ڈوب گئے جن میں جنید احمد اور اذان احمد کو بچالیاگیا تاہم تین لڑکے ا ظہر وانی ولد فاروق احمد ، طفیل احمد شاہ ولد مشتاق احمد اور شاہد احمد شاہ ولد محمد سعید شاہ ساکنان دیوان باغ بارہمولہ غرقآب ہوئے۔ اس دوران سینکڑوں کی تعداد میں مرد و زن بشمول ان کے اہل خانہ سینہ کوبی کرتے ہوئے وہاں پہنچے اور ڈوبنے والے لڑکے کی تلاش شروع کر دی ۔اگر چہ بارہمولہ پولیس، فوج اورمقامی لوگوں نے بڑے پیمانے پر ان لڑکوں کی تلاش شروع کی تاہم تا دم تحریر ابھی تک اُن کا کوئی اتہ پتہ نہ چل سکاہے ۔ غرقآب ہوئے لڑکوں کی تلاش کرنے کیلئے ماہر غوط خوروں کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔