عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// وادی کشمیر میں بغیر ٹکٹ سفر پر روک لگانے اور ریلوے کی آمدنی میں اضافہ کرنے کے لیے، شمالی ریلوے کے جموں ڈویژن کی طرف سے ہفتہ کو بارہمولہ سے سنگلدان ریلوے سٹیشن تک اچانک ٹکٹوں کی چیکنگ کی گئی۔جموں ڈویژن کے سینئر ڈویژنل کمرشل منیجر اچیت سنگھل نے بتایا کہ چیف ایریا منیجر سرینگر نے ایک سرپرائز ٹکٹ چیکنگ ٹیم تشکیل دی جس کی سربراہی عادل حسین (Dy CIT سری نگر)،طارق احمد (CMI/سری نگر)،فیروز احمد خان (TI/بڈگام)اور نصرت قیوم (TTI، بڈگام)کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ ٹکٹ چیکنگ مہم ٹرین سروس 64652 (بارہمولہ سنگلدان MEMU) میں چلائی گئی اور کل 23 بغیر ٹکٹ مسافروں کو بک کیا گیا، جن سے6,520روپے کا جرمانہ وصول کیا گیا۔سنگھل نے ٹیم کی کوششوں کی تعریف کی اور اسے ڈویژن بھر میں بغیر ٹکٹ سفر کرنے کی روک تھام کے لیے چلائی جانے والی بہت سی مہموں میں سے ایک قرار دیا، جو نہ صرف ایک اقتصادی جرم ہے بلکہ ملک کی خودمختاری اور حقیقی ریل مسافروں کی حفاظت کے لیے بھی خطرہ ہے۔