سرینگر/ /شمالی کشمیر کے بارہمولہ سب جیل میں قیدیوں کی بھوک ہڑتال اور پولیس کی طرف سے ٹیر شلنگ کے بعدبشری حقوق کے ریاستی کمیشن نے بارہمولہ جیل میں طبی سہولیات کے فقدان کا اعتراف کرتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ کو ہدایت دی ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ہر دن جیل میں ایک ڈاکٹر قیدیوں کا معائنہ کرے۔انسانی حقوق کمیشن میں ایک کیس’’ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن کی بارہمولہ جیل میں نظر بندوں پر طاقت کے استعمال کی مذمت‘‘ جمعہ کوزیر بحث آیا جس کے دوران بشری حقوق کے ریاستی کمیشن کے سربراہ جسٹس(ر) بلال نازکی نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن نے اس کیس سے متعلق رپورٹ درج کی ہے جبکہ اس سلسلے میں ضلع ایس ایس پی بارہمولہ اور ایس پی جیل کو بھی کاپیاں روانہ کی گئی ہے۔جسٹس(ر) بلال نازکی نے اپنے حکم نامے میں کہا کہ رپورٹ سے یہ معلوم پڑتا ہے کہ جیل میں معقول طبی سہولیات بہم نہیں ہیں،جبکہ جیل میں تو قیدی ہیں تاہم ڈاکٹرموجود نہیں ہے۔کمیشن کے سربراہ نے ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ اور بلاک میڈیکل آفیسر بارہمولہ کو ہدایت دی کہ عبوری انتظام کے تحت اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ روز ڈاکٹر جیل کا دورہ کرے جبکہ جیل میں خواتین کی قیدیوں کی ایک تعداد بھی بند ہے،اس لئے ہفتہ میں2بار ایک خاتون ڈاکٹربھی جیل کا دورہ کرے۔جسٹس(ر) بلال نازکی نے ان ہدایات کو فوری طور پر عملانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے ڈسڑکٹ سپرانٹنڈنٹ جیل خانہ جات کو4ہفتوں میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔