سرینگر//جماعت اسلامی اور دختران ملت نے بارہمولہ جیل میں قیدیوں کی حالت زار پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ جماعت اسلامی نے کہا ہے کہ بارہمولہ سب جیل میں قیدیوں پر تشدد اور گزشتہ دو دن سے اُن کا دانا پانی بند کرنا اور اُنہیں کوٹھری میں بند کرکے اذیت ناک حالت میںرکھنا تشویش ناک امر ہے اور اس طرح سے درجنوں قیدیوں کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہوچکا ہے۔ بیان میں جیل حکام کی ان انسان دشمن کارروائیوں سے ایک مرتبہ پھر ثابت ہوجاتا ہے کہ ریاست جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کو پیروں تلے روندا جاتا ہے ۔بیان کے مطابق المیہ یہ ہے کہ ان قیدیوں میں بزرگ اور بیمار قیدی بھی ہیں جنہیں طبی امداد سے بھی محروم رکھا گیا ہے ۔ادھر دختران ملت کی سیکریٹری جنرل ناہیدہ نسرین نے ایک بیان میںکہا ہے کہ یہ حملہ حکمرانوں کی بربریت کی ایک واضح مثال ہے۔ناہیدہ نسرین نے کہا کہ جیل سپرنٹنڈنٹ رجنی سہگل نے کئی قیدیوں کو تشدد کا شکار بنایا ہے اور انہیں زخمی کیا ہے۔انہوں نے ریڈ کراس اور ہیومن رائٹس واچ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کا سنجیدہ نوٹس لیں۔انہوں نے کہا کہ دختران ملت سربراہ آسیہ اندرابی اور اُن کی پرسنل سیکریٹری فہمیدہ صوفی سمیت متعدد قیدیوں کی حالت بھی تشویشناک ہے۔