بارہمولہ+گاندربل //برفباری کے بعد ضلع بارہمولہ کے کئی علاقوں میں بجلی سپلائی پوری طرح سے متاثر ہوئی ہے،جن میںرفیع آباد کے برمن ،جوڑی نمبل،چاٹوسہ ،ہچے پورہ ،شالکوٹ ،برندب اورحاجی بل کے علاوہ کنڈی ناروشامل ہے۔ان علاقوں کے لوگوں کا کہنا ہے کہ جہا ں پہلے سے ہی بجلی کی آنکھ مچولی سے وہ تنگ آچکے تھے اور اب معمولی سی برفباری کی وجہ سے بجلی سپلائی کاٹ دی گئی ہے ۔ایک مقامی شہری سمیر احمدنے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کئی علاقوں میں بجلی کے کھمبے گرگئے ہیںجس کی وجہ سے لوگ بجلی سپلائی سے محروم ہیں۔لوگوں نے سرکار اور متعلقہ محکمہ سے مطالبہ کیا کہ ان علاقوں میں بجلی سپلائی بحال کی جائے تاکہ انہیںدرپیش مشکلات سے چھٹکارا مل سکے۔اس دوران حالیہ برفباری کے باعث گاندربل کے بیشتر علاقوں میں بجلی سپلائی کی ابتر صورتحال کے باعث مقامی آبادی میں غم و غصہ اور ناراضگی پائی جارہی ہے۔ گاندربل سے ملحقہ علاقہ سالورہ، دودھرہامہ، گنگر ہامہ، شالہ بگ، ڑھندنہ، کورگ، پیرپورہ، کڑہن، گاڈورہ، کجر، ڈگہ پورہ، سمیت دیگر کئی علاقوں میں صارفین محکمہ بجلی کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔گاندربل قصبہ کے کئی علاقوں میں پانچ انچ برف باری کی وجہ سے بجلی غائب ہونے سے مقامی آبادی میں ناراضگی پائی جارہی ہے۔