سرینگر+رام بن//ویر ون بارہمولہ میں ٹریفک کے ایک المناک حادثے میں پولیس اہلکار شافور اعجاز وانی ولد غلام حسن ساکنہ زنڈ پھرن شیری بارہمولہ لقمہ اجل بن گیا۔ادھرچندرکوٹ رام بن میں ایک ٹاٹا میجک آٹو حادثے کاشکار ہوگیا جس کے نتیجہ میں نوجوان خاتون لقمہ اجل بنی جبکہ اس کے دو بچے زخمی ہوئے ہیں ۔پولیس اہلکار شافور اعجاز وانی موٹر سائیکل پر ضلع پولیس لائنز بارہمولہ جارہا تھا کہ مخالف سمت سے آرہی ایک آلٹو گاڑی نے اُسے ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار شدید طورپر زخمی ہوا، اگر چہ اُسے فوری طور اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ وہاں زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا۔ پولیس نے معاملے کی نسبت ایف آئی آر زیر نمبر 55/2019کے تحت پولیس اسٹیشن بارہ مولہ میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔ آلٹو زیر نمبر JK05F-4668کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ جائے وقوع پر آلٹو ڈرائیور نے راہِ فرار اختیار کی تاہم اُسے گرفتار کرنے کیلئے تلاش جاری ہے۔ شافور احمد نامی پولیس اہلکار گھر کا واحد کفیل تھا اور اُس نے اپنے پیچھے بیوہ سکینہ اور تین کمسن بچوں کو چھوڑا ہے۔اس دوران ٹاٹا میجک زیر نمبر JK19- 2566جموں سرینگر شاہراہ پر کنفر نالہ کے مقام پر سڑک سے لڑھک کر پچاس فٹ گہری کھائی میں جاگراجس کی وجہ سے نوجوان بیوہ خاتون اوراس کے دو بچے زخمی ہوئے تاہم بعد میں خاتون نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔اس کی شناخت وینا دیوی بیوہ یشپال سنگھ ساکن سارتھی چندر کوٹ کے طور پر ہوئی ہے ۔اس حادثے میں اس کا بیٹا شیش پال اور بیٹی شلپا دیوی زخمی ہوئے ہیں جن دونوں کو زیر علاج رکھاگیاہے ۔ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے مزیدتحقیقات شروع کردی ہے ۔