بارہمولہ+بانڈی پورہ +ترال+جموں+بانہال// رفیع آباد، خانپورہ بارہمولہ،بانڈی پورہ ، اونتی پورہ، کٹھوعہ اور ناچلانہ بانہال میں دلدوز سڑک حادثات میں 6افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 4سی آرپی ایف اور2فوجی اہلکارو ں سمیت13شہری زخمی ہوئے۔ ڈنگی وچھ رفیع آباد میں بدھ کو اُس وقت صف ماتم بچھ گئی جب ایک 30 سالہ محمد رفیق ملہ ولد مرحوم عبدالرحمان ساکنہ بٹہ پورہ فدارپورہ بس زیر نمبر ، جو ڈنگی وچھ سے بھاکھی پورہ کی طرف آرہی تھی اور یاربگ پہنچ کر چھت سے گر کرزخمی ہوا۔ مذکورہ نوجوان کو نزدیکی ہسپتال لے جایا گیا تاہم وہ راستہ میں ہی دم توڑ بیٹھا۔ ادھر خانپورہ میں ایک اورسڑک حادثہ پیش آیا جب ایک تیز رفتار سیوفٹ گاڑی زیر نمبر JKO5D-7543 نے ایک 20سالہ شاکر احمد ملہ ولد مشتاق احمد ملہ ساکنہ خانپورہ کو کچل ڈالا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوا اورہسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قرار دیا ۔ان حادثات کے سلسلے میں پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی۔اس دوران اونتی پورہ میںبدھ کی صبح پدگام پورہ کے نزدیک سی آر پی ایف کی ایک گاڑی کوحادثہ پیش آیا جس میں کے نتیجہ میں 4اہلکار زخمی ہوئے ۔ سی آر پی ایف کی کانوائے میں شامل ایک گاڑی سرینگر سے جموں کی طرف جارہی تھی جس کے دوران قافلے میں شامل ایک گاڑی پدگام پورہ بائی پس کے نزدیک حادثے کا شکار ہوگئی ۔زخمی اہلکاروں کو فوری طور اسپتال منتقل کیا گیا اور علاج و معالجہ کے بعد تمام اہلکاروں کو ہسپتال سے رخصت کیاگیا۔ادھرژورتھونگ بانڈی پورہ سرینگر بانڈی پورہ شاہراہ پر گذشتہ شب پونے بارہ بجے ایک المناک سڑک حادثے میں3 سالہ بچی لقمہ اجل بن گئی جبکہ ڈرائیور سمیت 3 افراد شدید زخمی ہوگئے ہیں جن کواجَس پولیس چوکی نے فوری طور بچاو کارروائی کے زریعے ہسپتال پہنچایا ۔منگل اور بدھ کی درمیانی شب ماروتی زیر نمبرJK16/4282صفا پورہ کی طرف جارہی تھی جب ژور تھونگ کے قریب پہنچی تو ماروتی قابو سے باہر ہوگئی ہے اور لڑھک کر 200 میٹر گہری کھائی میں گر گئی جس کے باعث ریشا اعجازِ ساکن نوآبادی صفاپورہ ہسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسی جبکہ ڈرائیور اعجاز احمد میر شہزادہ زوجہ اعجاز احمد میر زخمی ہوگئے۔اس دوران کٹھوعہ ضلع میں پولیس سٹیشن راج نگرکے زیر حدودچندوان موڑ پر ایک ٹرک کی زدمیں آکرچھتیس گڑھ سے تعلق رکھنے والے 3مزدورہلاک اور4 زخمی ہوگئے ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق چھتیس گڑھ سے تعلق رکھنے والے 7مزدور چندوان موڑکٹھوعہ میں کھڑے ہوکر بس کاانتظار کررہے تھے کہ ایک تیزرفتارٹرک نے انہیں زبردست ٹکرماردی جس کے نتیجے میں 2مزدورموقعہ پرہی جان گنوا بیٹھے جبکہ بعدمیں ایک دیگرمزدوربھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑبیٹھا اور4 مزدوربھی ٹرک کی ٹکرمیں شدیدزخمی ہوئے ہیں ۔سب ضلع ہسپتال ہیرانگرسے ابتدائی علاج ومعالجہ کے بعدتمام زخمیوں کومزیدعلاج کیلئے گورنمنٹ میڈیکل کالج اینڈہاسپیٹل (جے ایم سی اینڈایچ)جموں منتقل کردیاگیاہے۔ایس ایچ او راج باغ سربجیت سنگھ نے کشمیرعظمیٰ کوبتایاکہ یہ ’ہٹ اوررن ‘معاملہ ہے۔ حادثے کے بعدہم نے سی سی ٹی وی کیمرے کی فٹ ایج کامشاہدہ کیااورٹرک کاتعاقب کرکے ڈرائیورکوجموں ۔پٹھانکوٹ ہائی وے سے گرفتارکرلیااورگاڑی ضبط کی۔راج باغ پولیس سٹیشن نے ایف آئی آر نمبر 117/2018 زیردفعات 279,304(A) ،رنبیرپینل کوڈ کے تحت ڈرائیورکے خلاف معاملہ درج کرلیاہے۔پولیس کے مطابق اس حادثے میں جان بحق ہونے والے مزدوروں میں منوج کمار، مہاویر یادو اورراترم ساکنان چھتیس گڑھ ،حال چندن وان موڑ ،راج باغ کٹھوعہ کے طورپرہوئی ہے جبکہ زخمیوں کی پہچان پانا لال ،گاشی رام ، رام کرپال اوررام سہائے ساکنان چھتیس گڑھ کے طورپرہوئی ہے ۔خبرلکھے جانے تک 4زخمیوں کاعلاج ومعالجہ جموں میڈیکل کالج میں چل رہاہے جبکہ جان بحق ہوئے 3مزدوروں کاایس ڈی ایچ ہیرانگرکے مردہ خانہ میں پوسٹ مارٹم کرانے کے رکھاگیاہے اورتمام ترقانونی لوازمات کی تکمیل کے بعدنعشیں ورثاء کے حوالے کی جائیں گی۔اس دوران شاہراہ پر ناچلانہ کے قریب ایک فوجی گاڑی کے پلٹنے کی وجہ سے2 فوجی معمولی طورپر زخمی ہوئے۔زخمی اہلکاروں کونزدیکی فوجی کیمپ کے ہسپتال پہنچایا گیا جہاں انہیں ابتدائی مرہم پٹی کی گئی۔ گاڑی کے پلٹنے کی وجہ سے شاہراہ پر ناچلانہ کے دونوں طرف ٹریفک جام ہوگیا جو کئی گھنٹوں تک وقفے وقفے سے جاری رہا۔