سرینگر//ڈائریکٹر جنرل بارڈر روڈز آرگنائیزیشن لیفٹنٹ جنرل ہرپال سنگھ نے کل یہاں وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ ملاقات کی اور ریاست میں اس تنظیم کی طرف سے عملائے جارہے متعدد پروجیکٹوں پر تبادلہ خیال کیا۔میٹنگ کے دوران وزیر اعلیٰ نے سرینگر۔ بارہ مولہ۔ اوڑی سڑک کی کشادگی کے کام کے حوالے سے تفاصیل طلب کیں اور اس کے فوری حتمی ڈی پی آر پر زور دیا۔وزیر اعلیٰ نے اس پوری پٹی کو ایک سبزہ زار میں تبدیل کرنے کی صلاح دیتے ہوئے پٹن اور بارہ مولہ میں بائی پاس تعمیر کرانے کی ہدایت دی تا کہ ڈھانچوں اور دیگر سہولیات کی کم سے کم منتقلی ہوسکے اور ترقی یافتہ علاقے متاثر نہ ہونے پائیں اور شاہراہ کو بھی کشادگی سے ہمکنار کیا جاسکے۔ڈی جی بی آر او نے وزیر اعلیٰ کو جانکاری دی کہ پروجیکٹ کا ڈی پی آر تیار کیا جارہا ہے اور پٹن و بارہ مولہ میں بائی پاس تعمیر کرانے کی صلاح کو بھی اس میں شامل کیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے کپواڑہ۔ کرناہ اور بانڈی پورہ۔ گریز سڑکوں پر سادھنا اور رازدان دروں پر ٹنلوں کی تعمیر کی وکالت کی تا کہ ان علاقوں کے لوگوں کو پورے سال سڑک رابطوں کی سہولیات دستیاب ہوسکیں۔ڈی جی بی آر او نے وزیر اعلیٰ کو جانکاری دی کہ کپواڑہ میں رازدان پاس کے ایک طرف19 کلو میٹر لمبی سڑک کو بڑھاوا دیا جارہا ہے ۔ محبوبہ مفتی نے ڈی جی سے کہا کہ لورن۔ گلمرگ سڑک پر کام میں تیزی لائیں تا کہ اسے جلد از جلد مکمل کیا جاسکے۔ انہوں نے راجوری۔ تھنہ منڈی۔ سرنکوٹ سڑک ،گریز۔ تُلیل سڑک، ریاسی۔ ارناس۔ مہور سڑک کو بڑھاوا دینے کا کام شروع کرنے اور جموں۔ اکھنور۔ پونچھ سڑک پر کام میں تیزی لانے پر زوردیا تا کہ شاہدرہ شریف جانے والے عقیدت مندوں کو آسانی ہوسکے۔ڈی جی نے وزیر اعلیٰ کو جانکاری دی کہ ریاست میں بی آر او کی طرف سے ترجیحی سیکٹر میں مزید 3 سڑکوں کو بڑھاوا دیا جارہا ہے جن میں کشتواڑ۔ بنگس۔ درنگیاری سڑک، برنجل۔ کلی جنجر سڑک شامل ہے جس کی بدولت بارہ مولہ کو ہندواڑہ کے ساتھ جوڑنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان پروجیکٹوں میں فرکیاں۔ کلا روس سڑک بھی شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ جواہر ٹنل کی مرمت کے لئے80 کروڑ روپے کا ایک ڈی پی آر تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ وزیر اعلیٰ نے سڑک اور شاہراؤں کے مرکزی وزیر نتن گڈکری کے ساتھ ملاقات کے دوران اُتھایا تھا۔لیفٹنٹ جنرل ہرپال سنگھ نے وزیر اعلیٰ کو یقین دلایا کہ بی آر او تمام سڑک پروجیکٹوں پر جاری کام میں تیزی لائے گا تا کہ ان کی تیز تر تکمیل ممکن ہوسکے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ کو مزید جانکاری دی کہ رواں برس کے دوران ریاست میں مزید سنو کٹر مشینیں اور آلات شامل کئے جائیں گے تا کہ انہیں بی آر او کے رکھ رکھاؤ میں سڑکوں پر بروئے کار لایا جاسکے۔