منڈی //پاکستان کی بارڈر ایکشن ٹیم نے ایک بار پھر ہندوستانی علاقہ میں گھس کر ہندوستانی فوج کے دو اہلکار وں کوہلاک کر دیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ BATپونچھ سیکٹر میں حد متارکہ عبور کر کے 600میٹر اندر گھس آئی اور دو اہلکاروں کو ہلاک جبکہ دو کو زخمی کردیاہے ۔وہیں بھارتی فوج نے دو پاکستانی کمانڈو ز کی ہلاکت کادعویٰ کیاہے ۔فوجی ذرائع کے مطابق پاکستانی بارڈر ایکشن ٹیم کی طرف سے فوج کی گشتی پارٹی پر حملہ کیاگیا جس کے نتیجہ دو اہلکار ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے ۔ذرائع نے بتایاکہ فوج گرنج چکاں داباغ پر گشت کررہی تھی جس دوران اُس پار سے بارڈر ایکشن ٹیم نے حملہ آور ہوکر دو اہلکاروں کو مار دیاجبکہ اس حملے میں دو اہلکار زخمی بھی ہوئے ۔فوج نے دعویٰ کیاہے کہ اس کارروائی کے دوران پاکستانی فوج کے دو کمانڈوز بھی مارے گئے ہیں۔یہ اہلکار پندرہ ایم ایل آئی سے وابستہ تھے ۔اس واقعہ کے بعد علاقے میں کشیدگی پائی جارہی ہے اور دونوں ممالک کی افواج ایک دوسرے کے سامنے ہیں ۔دریں اثنا چکاں د ا باغ سیکٹر میں جمعرات کو ہندوستان اور پاکستان کی افواج کے درمیان گولہ باری شروع ہوئی ۔ وزارت دفاع کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پاکستان کی طرف سے حدمتارکہ پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی گئی جس میں چھوٹے اور خود کار ہتھیاروں کے علاوہ مارٹر گولوں کا استعمال کیا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ ہندوستان کی طرف سے بھی اس فائرنگ کا بھر پور جواب دیا گیا ۔آخری خبریں موصول ہونے تک دونوں طرف سے شدید فائرنگ کی جا رہی تھی۔ شام دیر گئے تک چکاں داباغ میں فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ جاری تھااور گولوں کی گن گرج دور دور تک سنائی دے رہی تھی ۔ایک سینئر آرمی افسر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بارڈر ایکشن ٹیم کی ابتدائی فائرنگ میں دو ہندوستانی اہلکار ہلاک ہو گئے جب کہ بارڈ ر ٹیم کے تین میں سے 2دراندازوں کو ہندوستانی فوج نے مار گرایا جب کہ تیسرا در انداز پاکستانی فوج کی فائرنگ کی آڑ میں واپس پاکستانی علاقہ میں فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ایریا ڈامینیشن پٹرول ADPٹیم پر بیٹ ٹیم حملہ آور ہوئی تھی جس کے بعد گولہ باری شروع ہوئی جو رات دیر گئے تک جاری تھی۔ مہلوک جوانوں کی شناخت 34سالہ جادھو سندیپ سرجیرائو اور 24سالہ منے سائون بالکو کے طور پر کی گئی ہے دونوں کا تعلق مہاراشٹر سے بیان کیا جاتا ہے ،قابل ذکر ہے کہ یہ پچھلے تین ماہ میں بارڈ ایکشن ٹیم کی جانب سے کیا جانے والا تیسرا حملہ تھا اس سے قبل دو اپریل کو ایسے ہی حملہ میں دو اہلکار ہلاک کئے گئے تھے۔