عشرت حسین بٹ
منڈی//ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی میں شدید اور مسلسل بارشوں کے نتیجے میں عام زندگی بری طرح متاثر ہو گئی ہے۔ گزشتہ چار دنوں سے جاری موسلا دھار بارش کے سبب تحصیل کے مختلف علاقوں میں زمین کھسکنے کے متعدد واقعات سامنے آئے ہیں، جن کے نتیجے میں کم از کم چار رہائشی مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔تفصیلات کے مطابق بدھ کو منڈی کی بیدار، سلونیاں، ساوجیاں اور بیدار علاقوں میں شدید بارش کی وجہ سے چار مکانات کو نقصان پہنچا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ تحصیلدار منڈی اشفاق احمد نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ نقصان کا ابتدائی جائزہ لینے کے لیے متعلقہ پٹواریوں کی نگرانی میں انتظامیہ کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں بھیجی گئیں، جہاں انہوں نے نقصانات کا موقع پر معائنہ کیا۔اشفاق احمد کے مطابق، نقصانات کا مکمل تخمینہ لگانے کے بعد متعلقہ متاثرین کو ضوابط کے تحت امداد فراہم کی جائے گی۔شدید بارشوں کی وجہ سے صرف مکانات ہی نہیں بلکہ کسانوں کی فصلوں کو بھی زبردست نقصان پہنچا ہے۔ کھیتوں میں پانی بھر جانے سے کئی فصلیں تباہ ہو گئی ہیں، جس سے کسانوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔مسلسل بارش نے معمولات زندگی کو بھی مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ سڑکیں کیچڑ سے بھر گئی ہیں، ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہوئی ہے، اور لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔انتظامیہ نے موجودہ خراب موسم کے پیش نظر عوام کو گھروں میں رہنے اور غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلنے کی ہدایت دی ہے۔ حفاظتی اقدامات کے تحت بدھ کو تحصیل منڈی کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بھی بند رکھے گئے تاکہ طلباء اور عام لوگوں کی جان و مال کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔عوامی حلقوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ متاثرہ خاندانوں کی فوری مدد کرے اور کسانوں کو بھی فصلوں کے نقصان کا ازالہ فراہم کیا جائے۔