جموں//حالیہ بارش سے انتظامیہ بالخصوص جموں میونسپل کارپوریشن کی نالوں کی صفائی سے متعلق دعوئوں کی پول کھل گئی ہے۔گذشتہ روز بارش کی وجہ سے ستواری علاقے میں پانی آگیا ۔اس دوران دکانداروں اور لوگوں نے الزام لگایا ہے کہ پُلی پرلگائے گئے ایک جنگلے کی وجہ سے نالہ بند ہو گیاہے جس کی وجہ سے پانی ان کی دوکانوں کے اندر چلا گیا ۔دکانداروں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پانی کی وجہ سے جونقصان انہیں ہواہے اس کامعاوضہ دیاجائے۔دکانداروں کا یہ بھی کہناہے کہ اس سے پہلے سال 2011میں بھی اسی طرح نالہ بند ہو ا تھا تو اس وقت بھی ان کولاکھوں روپے کانقصان ہواتھا ۔انہوں نے کہاکہ وہ پچھلے کچھ برسوں سے اس پریشانی کے حل کی خاطر متعلقہ محکمہ سے رجوع کر رہے ہیں لیکن ان کی کوئی سنوائی نہیں ہو رہی ہے ۔ادھردکانداروں کے علاوہ لوگوں کے گھروں میں بھی پانی چلاگیا۔لوگوں کا کہنا ہے کہ پانی کا بہائو اتنا تیزتھاکہ وہ اپنا قیمتی سامان بھی نہ بچا سکے ۔ادھردوسری طرف جموں کے راجیو نگر میں رہن والے لوگوں میں بھی ناقص نکاسی نظام کے باعث انتظامیہ کے تئیں غم وغصہ پایاجارہاہے۔ اس علاقے میںبھی نالے میں گندگی کی وجہ سے ملبہ جمع ہوگیااوربہترطریقے سے پانی کی نکاسی کانظام نہ ہونے کے سبب لوگوں کوپریشانی کاسامناکرناپڑرہاہے۔لوگوں نے بجلی کی آنکھ مچولی پربھی ناراضگی کااظہارکیاہے۔