یو این آئی
سرینگر//وادی کشمیر میں جاری شدید گرمی سے عوام کو بالآخر راحت ملی ہے، جہاں جمعہ کی سہ پہر مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہونے والی ہلکی بارش نے درجہ حرارت کو معمول پر لا یا ہے۔ شدید دھوپ اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت سے پریشان شہریوں نے ٹھنڈی ہوا اور بادلوں کی آمد پر راحت کی سانس لی۔ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ وادی میں آئندہ تین روز تک موسم خوشگوار رہنے کی توقع ہے، تاہم 20 جون سے ایک نئی گرمی کی لہر وادی کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے، جس کے دوران درجہ حرارت میں ایک بار پھر اضافہ ممکن ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگرسمیت وادی کے کئی علاقوں میں جمعہ کی سہ پہرسے ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی، جس سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئی ہے۔سرینگر میں جمعہ کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32.4ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ روز کے 34.2ڈگری کے مقابلے میں تقریبا 2 ڈگری کم تھا۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے شدید گرمی نے جینا دوبھر کر دیا تھا۔سکولوں، دفاتر، بازاروں اور گھروں میں گرمی سے بچائو کیلئے پنکھوں اور دیگر تدابیر کا سہارا لیا جا رہا تھا۔ اب بارش کے بعد ہوا کی تازگی نے ماحول کو بہتر بنا دیا ہے۔ماہر موسمیات نے بتایا’’بارشوں کے باعث وادی کے بیشتر علاقوں میں اگلے تین روز تک موسم خوشگوار رہنے کا امکان ہے۔ دن میں دھوپ اور بادلوں کا ملا جلا منظر دیکھا جا سکتا ہے جبکہ راتیں قدرے ٹھنڈی رہیں گی۔ تاہم 20جون سے ایک نئی گرمی کی لہر وادی میں داخل ہونے والی ہے، جس سے درجہ حرارت دوبارہ بڑھ سکتا ہے‘‘۔